اسلام آباد‘ وانا (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) سکیورٹی فورسز نے نوشکی‘ پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا۔ ہلاک دہشتگرد 20 ہو گئے۔ مزید 2 جوان شہید‘ 72 گھنٹے میں تعداد 9 ہو گئی۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں جھڑپ میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ سب مشین گنز‘ دستی بم‘ کلیبر راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے علاقہ سروکئی سے دہشتگرد اﷲ نور کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشتگرد اﷲ نور برقع میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ‘ دستی بم‘ بارودی سرنگیں برآمد کر لی گئیں۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں بھی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بم 16 رائفلز ‘ بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کر کے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار افراد اسلحہ درہ آدم خیل منتقل کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔ نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر جی سی او سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔ سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ چاہے اس کے لئے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا ’فوری جواب‘ دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ایک دہشت گرد کی شناخت عصمت اللہ عرف حافظ کے نام کر لی گئی ،ہلاک دوسرے دہشت گرد کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی۔
نوشکی پنجگور:کلئیرنس آپریشن مکمل،ہلاک دہشت گرد20ہو گئے،مزید2جوان شہید
Feb 06, 2022