کشمیریوں سے  بھرپوریکجتہی :مسئلہ کے حل کا وقت آگیا:آرمی چیف


لاہور، اسلام آباد، برسلز، فیروز والا، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، حافظ آباد (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ خصوصی رپورٹر+) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے سے منایا گیا، ریلیاں اور سیمینارز ہوئے۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے پر پوری قوم یک زبان ہوگئی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھائیوں کی سفارتی سطح پر امداد جاری رکھیں گے۔ کشمیر جلد آزاد ہوگا۔ کشمیری بھائیوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ بھمبر، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی، فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پشاور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارتی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ زیارت میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی شریک ہوئے۔ راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں منگلا اور دھان گلی پلوں کے مقام پر بھی ہاتھوں کی انسانی زنجیر بنائی گئی۔ اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر پورے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ راولپنڈی اسلام آباد میں صبح دس بجے ٹریفک رک گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام اسلام آباد کے بڑی نجی کمرشل مالز میں دستخطی مہم جاری رہی، ڈاکومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔ جڑواں شہروں کے مختلف مقامات پر شہریوں کی جانب سے یوم یکجہتی کے حوالے سے بینرز اور ہورڈنگز آویزاں کیے گئے تھے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی میں شرکت کی۔ شہریار خان آفریدی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ منعقدہ ریلی میں شریک ہوئے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا اقوام متحدہ سے لیکر تمام عالمی، علاقائی فورمز پر کشمیر کی آزادی کیلئے توانا آواز پاکستان کی جاری رکھیں گے، کشمیریوں کیلئے تمام پاکستانی قوم اور کشمیری متحد ہیں، بھارتی حکومت اور ان کے ایجنٹ بھی سن لیں کہ ہم سابقہ کمزور اور بزدل آوازوں کا تسلسل نہیں، کشمیر کی آزادی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری شہداء کو سلام، عظیم جدوجہد پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے لئے دو بڑے چیلنج ہیں، دیرینہ ترین تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے، 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں، عالمی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر حل کرایا جائے، یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی عوام کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا دن ہے، تنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ دوسری طرف یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارت خانے نے سیمینار کا انعقاد کیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین کو فی الفور واپس، فوجی محاصرہ ختم اور اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششوں کو ترک کیا جائے۔ ذرائع ابلاغ سے پابندیاں اٹھائی جائیں اور قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ دنیا بھارت کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق 75 سال سے زیر التوا مسئلے کے حل کے لئے بامعنی اقدامات پر مجبور کرے۔ برسلز میں کشمیر ڈے پر کار ریلی نکالی گئی۔ پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔ برسلز میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن نے کار ریلی نکالی جس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ لاہور مال روڈ پر مسلم لیگ ن نے خواجہ سعد رفیق، عمران نذیر، جماعت اہلحدیث نے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی جماعت اسلامی نے امیر العظیم کی قیادت میں ریلیاں نکالیں۔ پی ٹی آئی کے زیراہتمام مسرت جمشید چیمہ کی قیادت میں چیئرنگ کراس پر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ جماعت اسلامی کی ریلی میں ناظمہ وسطی پنجاب، ڈاکٹر زبیدہ جبیں ناظمہ لاہور، سمیحہ راحیل قاضی، عافیہ سرور، نازیہ توحید سمیت ہزاروں کی تعداد مردو خواتین اور بچوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر احسن بھون صدر پاکستان سپریم کورٹ بار، حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر انجینئر مشتاق محمود، نوجوان لیڈر اورمارشل آرٹ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر فرحان ایوب نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ لاہور میں پیپلزپارٹی نے یوم کشمیر پر کیمپ لگایا جس میں اسلم گل سمیت مقامی رہنما اور کارکنوں نے شرکت کی۔ سیالکوٹ، منڈی بہاوالدین فیصل آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ فیصل آباد آرٹ کونسل کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے مراحل پر مشتمل تصویری نمائش اور سٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا۔ نارووال ،جھنگ میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ کشمیری شہداء کی ایصال ثواب کیلئے جامع مساجد میں نماز فجر کے بعد فاتحہ خوانی، کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور کامیابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ پاکپتن، بہاول پور، گجرات ، سرگودھا میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہورسے نیوزرپورٹرکے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور،صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال اور تر جمان پنجاب حکومت حسان خاور کی قیادت میں گور نر ہائوس لاہورمیں کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی سمیت سینکڑوں افراد نے شر کت کی جبکہ گور نر پنجاب نے گور نر ہائو س سے وزیر اعظم کامیاب جوان سپورٹس کے تحت لاہورسے سیالکوٹ تک نکالی یکجہتی کشمیر سائیکل ریلی کو بھی الوداع کیا۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور تر جمان پنجاب حکومت حسان خاور کی قیادت میں گور نر ہائوس میں نکالی جانیوالی ریلی میں تحر یک انصاف کی خواتین اراکین اسمبلی سعدیہ سہیل، ثانیہ کامراناعظمیٰ کاردار، ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری بر ائے کشمیر امور ثوبیہ کمال، رکن پنجاب اسمبلی ندیم باراسمیت سینکڑوں کارکنان شر یک ہوئے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وعدے کے مطابق کشمیر یوں کا سفیر بن کر دنیا بھر میں ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتیں بھی کشمیر کے معاملے میںایک پیج پر ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر یوں کو بھارتی مظالم سے نجات ملے گی اور کشمیر بنے گا پاکستان۔ عالمی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ بے گناہ کشمیر یوں کا قتل عام اور نسل کشی کو فوری طور پر بند کر کے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔علاوہ ازیں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے گورنر ہاؤس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ 74 سال کا اک اک لمحہ بھارتیوں کے کشمیر میں مظالم کا گواہ ہے۔کشمیریوں کی خاموش چیخیں دنیا کے ایوانوں میں گونج رہی ہیں۔ انہیں حق سے محروم رکھنا دنیا کے انصاف پر سوالیہ نشان ہے۔ عمران خان کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ دنیا کے ہر ملک سے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھ رہی ہے۔ دوسری طرف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت کشمیر کی آزادی کے لیے قومی پالیسی کا اعلان کرے اور واضح روڈ میپ دے۔ مسئلہ کشمیر کے یک نکاتی ایجنڈے پر او آئی سی اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔ کشمیر جہاد سے ہی آزادہو گا۔ 5اگست 2019ء کے اقدام کے بعد پاکستانی حکمرانوں نے کشمیر پر کوئی سنجیدہ ردعمل نہیں اپنایا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے کر اس پر پابندی لگائی جائے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرپشاور میں نکالے گئے کشمیر آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کشمیر مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی جبکہ لاہور مال روڈ پر نکالے گئے آزادی مارچ سے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے خطا ب کیا۔ ملتان میں نکالی گئی عظیم الشان یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کی۔ اسلام آباد میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور سینیٹر مشتاق احمد خان جبکہ کراچی میں بڑی ریلی کے شرکا سے نائب امیر اسداللہ بھٹو، امیر سندھ محمد حسین محنتی اور امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا۔ ساہیوال اور اوکاڑہ میں ہونے والی مشترکہ ریلی سے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری، فیصل آباد میں قیم جماعت اسلامی وسطی پنجاب نصراللہ گورائیہ، گوادر میں مولانا ہدایت الرحمن، کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں کی قیادت کی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروںمیں نکالی جانے والی ریلیوں کی قیادت مرکزی اور مقامی قائدین نے کی جن میں عوام کی بڑی تعداد نے تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی و سیاسی مدد جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کیا۔ لاہور مال روڈ پر نکالی گئی ریلی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ا حسن بھون اور امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں کشمیر، پاکستان اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہورسے خصوصی نامہ نگارکے مطابق تحریک لبیک پا کستان کے زیر اہتمام کشمیر سمیت پاکستان کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور پروگرام منعقد کیے گئے، لاہور میں امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد حسین رضوی کی زیر قیادت داتا دربار سے مرکزی دفتر ملتان روڈ تک ریلی نکالی گئی، نائب امیر پیر سید ظہیر الحسن شاہ، سرپراست اعلیٰ قاضی محمود اعوان، مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ڈاکٹر محمد شفیق امینی، علامہ غلام غوث بغدادی، علامہ غلام عباس فیضی، رکن سندھ اسمبلی و پا رلیمانی لیڈر مفتی محمد قاسم فخری، مولانا فاروق الحسن قادری، پیر سید خرم ریا ض شاہ اور علامہ حسن رضا نقشبندی نے بھی ریلی کی قیادت کی۔ خطاب کر تے ہوئے امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی نے کہا بھارتی جارحیت کا مکروہ چہرہ آج پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے، تحریک لبیک کشمیر سمیت پوری امت مسلمہ کی حقیقی ترجمان جماعت ہے، جلد ظلم کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بزور شمشیر کا نظریہ ہمارے قائد امیر المجاہدین رحمتہ اللہ دے کر گئے ہیں، پاکستان کی غیور عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ادھر تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر ملک کے مخلف حصوں میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ مرکزی صراط مستقیم تاج باغ میں صدائے کشمیر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت شیخ الحدیث مفتی ارشاد احمد جلالی نے کی جبکہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ اسلام کے رشتے کی بنیاد پر کشمیریوں کا عملی طور پر ساتھ دیا جائے۔ جلو موڑ تک صدائے کشمیر مارچ بھی کیا گیا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی کی اپیل پر ملک بھر میں 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا، مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ لاہور میں حافظ عبد الغفار روپڑی کی قیادت میں چوک دالگراں سے ریلی نکالی گئی جس میں حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، حافظ عبدالوحید شاہدروپڑی اور قاری فیاض سمیت دیگر نے شرکت کی، دیگر شہروں شیخوپورہ ،گوجرانوالہ ، اوکاڑہ ، ملتان میں ریلیاں نکالی گئیں ۔ لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا کہ کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پاکستانیوں کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔ پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام پنجاب سمیت ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے باہر ہوا ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویثرنل صدر سردار محمد طاہر ڈوگر ، ضلعی صدر شریف الدین قذافی ،صاحبزادہ عبداللہ ثاقب ، مفتی سلیم نقشبندی اور غلام محی الدین جلالی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو آزادی دلائے بغیر ریاست مدینہ کا تصور نا مکمل ہے۔ مزیدبرآں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری اور جنرل سیکرٹری عوامی تحریک لاہور گلزار حسین شاہ نے کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوارڈی نیشن عارف چوہدری ،صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور حاجی فرخ خان قادری چوہدری افضل گجر ، مفتی خلیل حنفی، ثاقب بھٹی، شفاقت مغل، راجہ ندیم سمیت عوامی تحریک کے رہنماوں ، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ آج اگر دنیا اس خطے میں امن دیکھنا چاہتی ہے تو اسے بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کے لئے قائل کرنا ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے مسلم لیگ ہائوس سے کشمیر ریلی کا آغاز ہوا۔ ریلی کی قیادت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا نے کی جبکہ مناظر حسین گیلانی،اطہر بخاری، نواز ڈولہ، شیخ عمر، ملک اکرم، زیبا احسان، صائمہ گل ،اومنا تاج، سید ارشد بخاری،میاں کامران سیف، نصیر ارائیں،عارف جاوید کھوکھر ،رانا حنیف ،جلیل سعید، امتیاز خان، چوہدری سجاد،محمد عتیق سمیت عہدیداران و کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کی من مانی اور کشمیری مسلمان کے خلاف بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ، آزادی کشمیریوں کا حق ہے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے۔نیوز رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے پی ٹی آئی لاہور کے زیرِاہتمام چیئرنگ کراس پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے پاکستان اور بھارت میں کسی طرح کی بات چیت میں مسئلہ کشمیر بنیاد ہوگا۔ غیر جانبدارانہ، آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا جائے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی قیادت میں مال روڈ چیئرنگ کراس پراحتجاجی ریلی کااہتمام کیاگیا، ریلی میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ دانش افضال نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں ۔کشمیری بھائیوں کو اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت جوحق خود ارادیت دیا گیا ہے اس کے تحت انہیں پورا حق ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنی آزادی کا فیصلہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا، سی پی اوکیپٹن(ر) سید حماد عابد،چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید بھی ان کے ہمراہ تھے،ضلعی افسران بھی شریک تھے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ پوری قوم یک زبان آواز ہو کر کشمیریوں کے حق میں نعرے لگا رہی ہے۔ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیراہتمام 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں امت مسلمہ اور ملک و ملت کیلئے امن‘ سلامتی اور بقاء کی خصوصی دعا کی گئی۔ ریسکیو 1122 کے افسران‘ ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے بھی مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسٹی آفیسر گوجرانوالہ میاں رفعت ضیاء نے کہا کہ کشمیریوں کا استحصال اور غیرقانونی محاصرہ صبح آزادی کو روک نہیں سکتا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  ضلع قصور میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا، ڈپٹی کمشنر قصورفیاض احمد موہل کی قیادت میں ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی اور اس موقع پرپاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ریلی میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسز مزمل مسعود بھٹی‘قیصر ایوب شیخ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم، طلبائ، اساتذہ، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری شہباز چھینہ کی قیادت میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلی شرق پور روڈ میلاد چوک سے نکالی گئی جو شہر کے مختلف بازاروں کا چکر لگاکر میاں جاوید لطیف ایم این اے کی اقامت گاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی ریلی میں پارٹی کے عہدیداروں ،کارکنوں اور شہریوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔  بھارتی وزیراعظم کا پتلا بھی نظر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری شہباز چھینہ نے کہاکہ آزادی کشمیر ہماری منزل ہے۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق مرکزی تنظیم رحمانی برادری پاکستان نے یوم کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی جو ٹوکریانوالہ بازار سے شروع ہوکر مین بازار میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر سیٹھ غلام رسول نے کی جبکہ ریلی میں سرپرست اعلیٰ حاجی سلیمان رحمانی، سرپرست محمدالطاف بھولہ، طاہر محمود، حاجی قطب الدین رحمانی، جمیل اختر ،سینئر نائب صدر چوہدری عدیل تاج رحمانی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا اگر یو این او سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے مقبوضہ وادی میں کرفیو کا نوٹس نہ لیا تو اس سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ میں یوم کشمیرکے موقع پرمختلف سیاسی ،سماجی ومذہبی جماعتوں کی طرف سے جلسے ،جلوس ،ریلیوں اور سمینارز کا اہتمام کیا گیا  پیپلزپارٹی کے ضلعی نائب صدر چودھری منیر قمرواہگہ اور سید ندیم عباس کاظمی کی قیادت میں ریلی گوجرانوالہ روڈ سے نکالی گئی۔ ملی مسلم لیگ کے صدر شہزاد علی ورک کی قیادت میں مرکز خالد بن ولید سے ریلی نکالی گئی۔ تحریک لبیک کے زیر اہتمام بھی بتی چوک سے ریلی نکالی گئی۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر تحفہ دستگیر احمد کی قیادت میںریلی پرانا اڈا لاریاںسے نکالی گئی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام بتی چوک میں اظہار یکجہتی کشمیر کانفرنس ہوئی۔  پریس کلب شیخوپورہ کے باہر بھی صحافیوں نے کشمیری مسلمانوںکیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔ جے یو پی کے زیراہتمام یوم کشمیر کی تقریب جامع مسجد یار سول اللہ میں منعقد ہوئی۔ کشمیر کمیٹی کے زیراہتمام چوک یادگار پارک میں اظہار یک جہتی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت کشمیر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری شہزاد علی ورک نے کی۔ کانفرنس سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کنور عمران سعید، نواز لیگ کے ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ، مرکزی انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین حاجی غلام نبی ورک سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء کیلئے کشمیر کی آزادی نا گزیر ہے۔ انصاف ویلفیئر ونگ کے سابق سٹی صدر میاں افضال حیدر کی قیادت میں پی ٹی آئی کی مرکزی کشمیر ریلی تھانہ صدر چوک سے نکالی گئی۔ ریلی چوک یادگار پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ پریس کلب شیخوپورہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرمبشر حسن بٹ اور جنرل سیکرٹری رانا محمد عثمان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ اور تحصیل فیروزوالہ میں یوم کشمیر بھرپور انداز میں  منایا گیا کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریلیاں اور تقریبات منعقد ہوئیں اس سلسلہ میںجامعہ قادریہ نصیر العلوم شاہدرہ کے زیراہتمام  جامعہ نصیر العلوم کے ناظم اور تحریک ختم نبوت الحاج علامہ پیر نصیر احمد قادری ، مفتی علامہ ذبیح اللہ قادری علامہ عمران رضوی ، قاری شفیق احمد چشتی، علامہ قاری انوارالحق ، علامہ محمد وارث قادری اور علامہ سمیع اللہ قادری کی قیادت میں کامران پارک فرخ آباد شاہدرہ ، جامعہ مسجد لبیک یا رسول اللہ سے ریلی نکالی گئی جو راوی پل پر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت تحصیل فیروزوالہ ڈاکٹر رانا قربان علی خان کی قیادت میں بھی ریلی نکالی گئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی سٹی ننکانہ کے زیراہتمام کچہری پھاٹک سے بیری والا چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب وقاص بٹ‘ امیر وقاص بٹ‘ امیر جماعت اسلامی سٹی ملک محمد اسلم نے کی۔ سکھ کمیونٹی‘ مسیحی برادری کے افراد بھی شریک تھے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ,کشمیر پر قابض ہو کر بھارت نے ظلم کی داستان کا آغاز کیا اور ہمارے کشمیری بھائی گزشتہ کئی سالوں سے اپنے حق کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا میں سلام پیش کرتا ہوں تمام کشمیریوں کو کہ انہوں نے مظالم کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔ ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آر ایس ایس سے لے کر واجپائی اور پھر گجرات مظالم سے مودی کے تمام اقدامات ایک مہم کے تحت کئے گئے اور بھارت کا سیکیولر ڈرامہ بھی بے نقاب ہو چکا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار کے مطابق یوم کشمیر کے سلسلہ میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر محمد عاطف علی نے ریلی کی قیادت کی۔ حافظ آباد‘ تحریک لبیک یارسول اﷲ ﷺ کے زیراہتمام کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ حافظ آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقعہ پر مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے پرچم کشائی اور کشمیر یکجہتی واک کی قیادت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گوارئیہ، سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میڈم خالدہ شاہد ایڈووکیٹ، چیئر مین ڈسٹرکٹ پریس کلب امتیاز احمد تاج سمیت مختلف محکموں کے افسران، اساتذہ، طلبا، ریسکیو اہلکاروں، انجمن تاجران کے عہدیداروں، شہریوں اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے تقریب میں شرکت کی۔ تعلیمی اداروں کے طلباء نے کشمیری مسلمانوںسے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...