حکومت نے کشمیر کا سودا کیا،ملک کا بھی کر سکتی ہے:فضل الرحمن


اسلام آباد، لاہور (خبرنگار، نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادکے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے میں ناکام رہی۔ عالمی برادری نے کشمیریوں سے وفا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس طرح کشمیر کا سودا کیا ملک کا بھی کرسکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ظلم پر پاکستانی عوام خاموش نہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی نے کشمیری عوم کے ساتھ یکجہتی کے لئے صوبائی اور ضلعی ہیڈ کواٹرز میں ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھارتی مظالم کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام بھی کر رہی ہے جو قابل مذمت اور قابل نفرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام منظم انداز میں آگے بڑھ رہیں اور وہ حوصلہ نہ ہاریں منزل ان کی قریب ہے۔ مولانا نعیم الدین،مفتی عبد الحفیظ ،محمد افضل خان،حافظ نصیر احمد احرار،حافظ غضنفر عزیز ،مولانا سلیم اللہ قادری نے کہا کہ پوری دنیا مسئلہ کشمیر کو متنازعہ تسلیم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پا کستان خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے اب خطے کے دیگر ممالک کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطًاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمارا منشور ہے۔ حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کردیا ہے ملک کی کشتی ڈبونے والوں کا ساتھ نہیں دینا، سی پیک پر کام نہیں ہورہا۔ بہت جلد اقتدار میں آکر سی پیک پر کام کریں گے، بلے کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے کے برابر ہوگا۔ پہلے سال میں ایک بجٹ ہوتا تھا اب چار بجٹ ہوتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن