دنیا جاگے،کشمیر ہمارے جسم کا حصہ،مصلح افواج نے بالا کوٹ حملہ کا منہ توڑا جواب دیا:صدر علوی

Feb 06, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + خبر نگار) تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالہ  سے مظفر آباد میں  خصوصی جموں وکشمیر مونومنٹ  تعمیر کیا گیا ہے۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت   میں یاد گار شہدا کا افتتاح  کیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یاد گار  شہدا کی  افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر ڈاکٹر عارف علوی تھے جبکہ تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باوجوہ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، اپوزیشن رہنماء  اورآزاد کشمیر کے سابق وزراء  اعظم سردار عتیق احمد خان، سردار یعقوب خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر سمیت وفاقی وزرا اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ یادگار  پرکشمیر شہداء  کے نام کنندہ ہیں اور شہداء  کی قربانیوں جو احسن انداز میں اجاگر کیا گیا ہے، یادگار شہداء تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعمیر کی گئی ہے، یادگار سے ملحقہ گیلری میں مقبوضہ کشمیر کے حالات کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس موقع پر تقریب میں کشمیری لوک گیت بھی پیش کئے گئے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈی چوک اسلام آباد میں ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، بھارت اپنی پالیسیوں کی بدولت خود کو آگ میں دھکیل رہا ہے، پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق پر امن حل چاہتا ہے جس میں مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کی ضمانت دی گئی ہے، مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور غیرقانونی طورپر مقبوضہ علاقہ کواپنا حصہ قرار دینے کے بھارتی آئین کو بھی تسلیم نہیں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریارخان آفریدی، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت وزرا، اراکین پارلیمنٹ، حریت رہنمائوں نے بھی شرکت کی، ریلی میں میڈیاسے سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی خواہش کیمطابق حق خود ارادیت کے حوالے سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ جب مقبوضہ کشمیر میں خون خرابہ ہوتا ہے تو پاکستان کے لوگوں کو دکھ پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیاکو کشمیری عوام کے ساتھ اپنے وعدوں کے احترام کی یاد دلاتا ہے۔ کشمیریوںکو قربانیوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قرا ردیا تھا اور کشمیری عوام اپنا خون بہا کر اس کا ثبوت دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے مرحوم کشمیری رہنما سیدعلی گیلانی کے اس بیان کا بھی حوالہ دیاکہ کشمیر اور پاکستان دونوں میرے ہیں۔ کشمیری رہنمائوں کو گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے ، سید علی گیلانی کے جنازے میں بھی لوگوں کو شریک نہیں ہونے دیاگیا۔ صدر مملکت نے پاکستان کے کشمیری عوام کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے کشمیر میں بھارتی مظالم کاسلسلہ جاری ہے۔ بھارت کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے اسرائیلی ماڈل پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارت ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ میں دنیا کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ وہ جاگے اور کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے اپنے وعدے پورے کرے۔ صدر پاکستان نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کیا تو پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور یہ ثابت کردیا کہ ہاتھ اٹھاؤ گے تو ہاتھ توڑ دیں گے، آنکھ اٹھاؤ گے تو آنکھ نکال دیں گے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ اسلام آباد میں منعقدہ ریلی میں شرکت کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک پوری قوم کشمیروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ 5 اگست 2019کا بھارتی غیر قانونی اقدام جمہوریت کے منہ پر کالا نشان بن گیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال مذہبی، نظریاتی، جغرافیائی،ثقافتی اور سماجی رشتوں کی پہچان ہے، ساری کشمیری قوم پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دل کی عمیق گہرائیوں سے خیرمقدم کرتی ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی عوام کے جذبہ حریت کو اپنے جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کے ذریعے اب زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و بربریت کا نوٹس لے آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

مزیدخبریں