اسلا م آبا د(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز پی سی ایس آئی آر لاہور میں پولیمر اور پلاسٹک لیبارٹری کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق پولیمر اور پلاسٹک لیبارٹری کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان میں پلاسٹک کی صنعت گزشتہ چند سالوں کے دوران 15 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ اس منصوبے کا براہ راست تعلق سیکٹر کے مقاصد سے ہے خاص طور پر پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے ذریعہ قائم کردہ پاکستان ویژن 2025 کے حوالے سے جس میں بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ پولیمر اور پلاسٹک ٹیکنالوجی میں R&D کی سہولیات شامل ہیں۔مزید برآں، یہ پولیمر اور پلاسٹک لیبارٹری کو مختلف سائنسی خدمات کے سلسلے میں نجی شعبے کی مدد کرنے کے لیے نسبتاً بہتر پوزیشن میں رکھے گا جو اسے پولیمر سائنس کے شعبے میں اپنی پیداواری صلاحیت کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے درکار ہے۔ یہ منصوبہ پولیمر اینڈ پلاسٹک لیبارٹری، پی سی ایس آئی آر لاہور میں دستیاب سہولیات میں اضافہ کرے گا۔ یہ پولیمر پر مبنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشاورتی اور معلوماتی خدمات بھی فراہم کرے گا اور پاکستان میں پولیمر اور پلاسٹک کی صنعت کے لیے جانچ اور تشخیص کی سہولیات کی فراہمی کا باعث بنے گا۔سینیٹر شبلی فراز نے انتظامیہ اور چیئرمین پی سی ایس آئی آر کو مبارکباد دی اور بہترین کارکردگی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی کے مرکز اور ٹیکنالوجی انوویشن سپورٹ سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔