کراچی (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے بھارت کشمیر کو حل طلب مسئلہ تسلیم کرتا تھا،عمران خان کے دورمیں بھارت کشمیرہڑپ کرگیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیرکوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، دورہ امریکہ سے واپسی پر ورلڈ کپ جیت کر آنے کا دعوی'درحقیقت کشمیرپالیسی پرسرنڈر تھا،مودی کے الیکشن میں جیتنے کی خواھش کشمیر ہڑپ کرنے پر اختتام پزیر ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری اورسابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل ،ترجمان میاں نواز شریف و سابق گورنر سندھ محمد زبیر‘ ،مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سند کے صدر یاسر عدیل شیخ‘ فہد شفیق‘ نے پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ،پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر،عدنان خواجہ علامہ فرقان شیخانی دیگربھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاکہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے،موجودہ حکومت کی ناکام کشمیرپالیسی کی وجہ سے بھارتی مظالم میں اضافہ ہواہے،مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور وہاں کے باسیوں کو انصاف دلوایا جائے،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے قانونی حق کے حصول تک حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں ہندوستان کشمیر کو ہڑپ کر گیا،ہم نے صرف ایک ہائی وے کا نام ہی کشمیر ہائی وے رکھا ،اب تک ڈیڑھ لاکھ کشمیریوں کو بھارتی فوج نے شہید کیا ہے،ہم مظفر آباد اور سری نگر تک بھی ایک دن سڑک بنا دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون سندھ کے موجودہ بلدیاتی نظام کو مسترد کرتی ہے،ہماری حکومت آئے گی تو کراچی میں پانچوں ٹریکس پر بسیں چلائیں گے،ہم کشمیر کے ساتھ پاکستان کا حق بھی مانگ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما محمد زبیرنے کہاپاکستان کے بچے بچے کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے،موجودہ حکومت سے پہلے بھارت کشمیر کو حل طلب مسئلہ تسلیم کرتا تھا،اب بھارت نے کشمیرپراپنا تسلط جما لیا ہے،امریکہ سے ورلڈ کپ جیت کر آنے کا دعوی' درحقیقت سرنڈر تھا،مودی کے الیکشن میں جیتنے کی خواھش کشمیر ہڑپ کرنے پر اختتام پذیر ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں OICکانفرنس میں کشمیر کا ذکر تک نہ ہوا،موجودہ حکومت نے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔مسلم لیگ ن برسر اقتدار آکر کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنائیگی۔
پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر کاز کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا : ن لیگ سندھ
Feb 06, 2022