وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام  فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ‘ ہمایوں اختر

لاہور ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل یو این او کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، حق خود ارادیت کے مسلمہ پیدائشی حق کے حصول کیلئے کشمیریوں نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیری عوام یو این او میں کیے گئے بھارتی وعدوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں لیکن انہیں حق خودارادیت دینے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج ان کے خلاف ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک میں ان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر نہ صرف بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے بلکہ دنیاکو باور کرایا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کا دارومدار اس دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل پر ہے اس لیے اقوام عالم کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

ای پیپر دی نیشن