لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم انسانیت کے ماتھے پر بدنما دھبہ ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد ہوں گے،کشمیر کی آواز کو دبانے کے لئے بھارتی عزائم بہت جلد خاک میں مل جائیں گے۔یوم کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہدآزادی اور جذبہ حریت کو ختم کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکامی سے دوچار ہوئے اور مستقبل میں بھی کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے- آزادی کشمیر کا مقدر ہے۔ بھارت کے مظالم کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔کشمیری عوام بدترین لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں اورمودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا ہیں جس کی وجہ پوری دنیا میں کشمیری عوام کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔