لاہور(سپورٹس رپورٹر)ئی سی سی ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے۔کرونا کا شکار ہونے والی غلام فاطمہ کا پی سی آر ٹیسٹ منفی آگیا، انہوں نے قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد سکواڈ کو جوائن کرلیا۔سٹیٹ بینک گراونڈ پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرا انٹراسکواڈ میچ کھیلا۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 4 مارچ سے نیوزی لینڈ میں شروع ہوگا، پاکستان ٹیم 9 فروری کو آکلینڈ روانہ ہوگی۔میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی کے سٹیٹ بینک گراونڈ پر غیرملکی کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی نگرانی میں جاری ہے۔لیگ سپنر غلام فاطمہ جن کا کراچی پہنچنے پر کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا وہ کرونا سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد سکواڈ میں واپس آگئی ہیں۔بسمہ معروف بھی بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد پاکستان ٹیم میں واپس آئی ہیں۔پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم فزیکل ٹریننگ کے بعد سیناریو بیسڈ میچ کھیلتی ہیں، جس میں بیٹر کو مختلف ہدف دیے جاتے ہیں جبکہ بائولر کو بھی کم رنز دینے اور وکٹیں لینے کے ہدف دے کر تیاری کی جاتی ہے۔