گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارتی فوج ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکی ۔بھارت کے لئے کشمیریوں کو اپنے زیر تسلط رکھنا اور مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ جمائے رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیںپاکستان کا پرچم اٹھا کر آزادی کا نعرہ لگانے والے کشمیریوں کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔آج کشمیر کے چپے چپے سے پاکستان کے حق میں آوازیں ابھر ر ہی ہیں بھارت کے لئے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے ذریعے مز ید دبائے رکھنا اب ممکن نہیں رہا، ان شا ء اللہ کشمیر کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تقریب میں مسلم لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق میئر شیخ ثروت اکرام، لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر، طارق نواز بلا سیٹھی، میر مقصود و دیگر بھی موجود تھے۔ سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا اور پاکستان کا لازمی حصہ ہے،تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا پورا کرنے کے لئے میاں نواز شریف نے ہر دور میں کشمیریوں کے لئے عالمی سطح پر بھرپورآواز اٹھائی اور کشمیریوں کے جذبات کی درست ترجمانی کی اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں پر عمل نہ کرانا مجرمانہ کردار ہے میاں نواز شریف کی طرح اگر تمام حکمران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے تو اب تک کشمیر پاکستان کا حصہ بن چکا ہوتا ۔