پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے بلاتاخیر حل کی خواہاں ہے:حامد محمود ملہی

بھکر(نامہ نگار)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت و تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت اور کشمیریوں کے بے مثال جذبہ حریت کو سلام پیش کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی یکجہتی سیمینارضلع کونسل ہال میں منعقد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر حامد محمود ملہی مہمان خصوصی تھے۔سیمینار میں اے ڈی سی جی عبا س رضا نا صر،ضلعی محکمہ پولیس کے افسران، سی ای او ایجوکیشن طارق حبیب فاروقی،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان سمیت دیگر سرکاری محکموں کے افسران،تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ،میڈیا نمائندگان اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر حامد محمود ملہی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے بلاتاخیر حل کی خواہاں ہے اور شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سیمینار سے اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کے پر امن حل کیلئے اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے عالمی سطح پر موثر کوششیں کر رہی ہے تاکہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور تاریخ کے بدترین ظلم و بربریت کے خاتمہ کیلئے اقوام عالم کا دباؤ بڑھا کر کشمیریوں کو انکا حق آزادی دلایا جائے۔سیمینار میں شریک سکولوں کے طلباو طالبات نے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے تقاریر اور تحریک آزادی کشمیر کی مناسبت سے نغمے پیش کئے جن کو شرکائے تقریب نے بے حد سراہا۔

ای پیپر دی نیشن