کراچی ) کلچرل رپورٹر (ماضی کی مقبول اداکارہ اور ڈرامہ ماروی سے شہرت کی حامل کرنے والی غزل صدیق جو طویل عرصے سے چھوٹی سکرین سے دور ہیں نے کہا کہ انہوں نے ابھی شوبز میں دوبارہ انٹری سے متعلق نہیں سوچا۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک اسکرین سے غائب رہنے والی غزل صدیق حال ہی میں کینیڈا سے وطن واپسی پر ایک ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنے کیریئر پر کھل کر بات کی۔غزل صدیق کا کہنا تھا کہ پاکستان سے 12 سال باہر رہنے کے بعد اب وہ وطن لوٹی ہیں اور اب وہ باقی زندگی یہیں گزاریں گی، تاہم فوری طور پر انہوں نے شوبز میں انٹری سے متعلق نہیں سوچا۔ان کے مطابق وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اپنا یوٹیوب چینل بھی چلا رہی ہیں، جس پر اب وہ پاکستان کی معروف شوبز شخصیات کے انٹرویوز کرنا شروع کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ پاکستان میں سب سے زیادہ کام کرنے والی اداکارہ اور خاتون وائس اوور آرٹسٹ بھی رہی ہیں۔کیریئر سے متعلق انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنا مقبول ترین ڈراما ماروی ہدایت کار سلطانہ صدیقی کے کہنے پر کیا تھا جو کہ ان کی پہچان بنا اور اب تک لوگ انہیں اصل نام کے بجائے ماروی کے نام سے جانتے ہیں۔