I بھارت کشمیریوں کو استصواب رائے کے استعمال کا حق دے،مشعال ملک   

Feb 06, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چیئرپرسن، پیس اینڈکلچر اورحریت لیڈریاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ خطہ میں پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر ہے جبکہ یہ ضروری ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کشمیریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے استعمال کا حق دے، یہ بات انھوں نے پنجاب آرٹس کونسل اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے اشتراک سے  سکولوں کے بچوں کے مابین ٹیبلو، تقریروکشمیری نغموں کے مقابلوں اوربھارتی مظالم پرمبنی تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی،ایپسما کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان، عامر انور، آغا شھاب، محمد انعام، کامران سیف، راجہ اعجاز، لبنی رشید، مسز ثوبیہ اور دیگر نے بھی شرکت کی، مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارتی غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مسلسل ابتر و سنگین ہو رہی ہے،آل پاکستان پرائیویٹ سکول میجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر ابراراحمدخان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمارے حوصلے، عزم اور جذبے کو کمزور نہیں کر سکتی، ظلم اور جبر کا سورج ایک نہ ایک دن ڈھل کر رہے گا۔

مزیدخبریں