سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی کسی بھی کارروائی کامنہ توڑجواب دینے کیلئے تیارہیں:وزیرداخلہ

Feb 06, 2022 | 18:17

ویب ڈیسک

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

آج(اتوار) اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے 72 گھنٹے میں 20 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ حزب اختلاف کے طرز عمل پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ لوگ پانچ فروری کوبھی ملک میں انتشار پھیلانے کی بات کر رہے تھے۔ملک میں صدارتی نظام سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حزب اختلاف وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانے کے قابل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی حالیہ ملاقات میں پی ڈی ایم کے سب سے اہم کردار مولانا فضل الرحمن کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اب ان کی یہ کوششیں صرف خبروں میں زندہ رہنے کے لئے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم مختلف ملکوں میں معمولی جرائم پر قید پاکستانیوں کی واپسی کے لئے اُن سے رابطے میں ہیں۔

مزیدخبریں