وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج(اتوار) بیجنگ میں چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے سرمائی اولمپکس کی کامیاب میزبانی پر چین کے اپنے ہم منصب کو مبارکباد دی اور چین کے نئے قمری سال پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت آزادی اور قومی ترقی کے لئے چین کی بھرپور حمایت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور چین کے بنیادی مفاد کے تمام معاملات پر اس کی مکمل حمایت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور دنیا کے بدلتے حالات خصوصاً افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں افغانستان میں امن و استحکام اور ترقی اور علاقائی روابط کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔