لاہور (آئی این پی)کرغزستان ٹریڈ ہاو س کے چیئرمین اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوارڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کو عالمی معیار کی خدمات و سہولیات فراہم کر کے پاکستان سیاحت کی صنعت سے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ خاص طور پر سردیوں کے موسم میں، جب برف پوش چوٹیاں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتی ہیں۔گزشتہ روز ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق سے گفتگو میں کہا کہ اگر سردیوں کے موسم میں دنیا بھر میں برف پوش چوٹیوں تک رسائی ممکن ہے تو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کیلئے پروازیں بار بار کیوں متاثر ہوتی ہیں۔ مقامی ٹورسٹ آپریٹرز کو یہ سہولت فراہم کی جائے کہ وہ غیر ملکی اور مقامی سیاحوںکیلئے شمالی علاقوں کیلئے چارٹر پروازوں کا انتظام کر سکیں۔ سیاح کو صرف اچھی سکیورٹی، تربیت یافتہ گائیڈز، بہتر سروسز اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک و رہائش کی ضرورت ہوتی ہے۔ موسم سرما میں دور دراز علاقوں کے ساتھ فضائی رابطے کو نمایاں طور پر بہتر کیا جائے تو سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اچھی سہولیات اور پیکج دیا جائے تو غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد پورا سیزن ایک ہی مقام پر گزارنا پسند کرتی ہے۔ حکومت سیاحت کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ، آسان شرائط و ضوابط پر قرضوں اور مراعات کا پیکج دے کر سیاحتی پالیسی تیار کرے تو اس کے اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
پاکستان برف پوش پہاڑوں کے بہترین سیاحتی مقامات سے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے: مہر کاشف یونس
Feb 06, 2023