لاہور( کامرس رپورٹر) اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ایک ماہ کے دوران درجہ اول اور دوم آئل کی قیمت میں بالترتیب71روپے سے 102روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرکار ی جاری ہونے والی ریٹ لسٹ کے مطابق چاول ، دالوں اور بیسن کی قیمتوں میں بھی 25روپے سے75روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گھی اور آئل کی مختلف قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ درجہ اول آئل کی فی لٹر قیمت 600سے610روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایک ماہ کے دوران درجہ اول آئل کی قیمت میں71روپے تک اضافہ دیکھاگیا ہے جس سے 5 لٹر کی پیٹی 355روپے اضافے سے3050روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجہ اول گھی کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ درجہ دوم آئل کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران 102روپے تک اضافہ ہوا جس سے 12لٹر کی پیٹی کی قیمت1238روپے اضافے سے 6528روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجہ دوم گھی کی قیمت میں71روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس سے 12کلو کی پیٹی 1132 روپے اضافے سے6432روپے تک جا پہنچی ہے۔ رواں ماہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری لسٹ میں دالوں کی قیمتوں میں بھی 75روپے کلو تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ریٹ لسٹ کے مطابق چاول سپر باسمتی 45روپے اضافے سے 300 روپے،دال چنا باریک30روپے اضافے سے 235 روپے،دال چنا سپیشل35روپے اضافے سے 250 روپے،دال مسور موٹی 25روپے اضافے سے 255 روپے،دال ماش امپورٹڈ دھلی ہوئی 75 روپے اضافے سے410روپے،دال ماش چھلکے والی امپورٹڈ 55 روپے اضافے سے370،دال مونگ 30روپے اضافے سے255،کالا چنا موٹا لوکل 35 روپے اضافے سے235،کالا چنا باریک لوکل35روپے اضافے سے220روپے،سفید چنا 75روپے اضافے سے360روپے جبکہ بیسن40روپے اضافے سے255روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق پاکستان میں دالوں کی ضروریات زیادہ تر درآمدات سے پوری ہوتی ہے اور ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔