فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کا فلور ملز کیخلاف ناجائز کاروائیوں پر  اظہار تشویش،اجلاس طلب


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ نے محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے فلور ملز کے خلاف ناجائز کاروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر کل بروز پیرفلور ملز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیاگیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔ بعد ازاں بروز پیر اجلاس کے بعد 4بجے سہ پہر پریس کانفرنس میں اس لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔محکمہ خوراک پنجاب نے گندم کی پسائی اور آٹے کی فروخت کیلئے SOPs بنائے ہیں جن پر فلور ملنگ انڈسٹری کی جانب سے من وعن عمل کیا جارہا ہے۔ لیکن سیکرٹری محکمہ خوراک کی جانب سے ان کویکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے اور فلور ملز کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں، ایک روز میں لاہور کی 13سرکردہ فلور کو بند کر دیا گیاجس کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن