کشمیریوں سے غیرمتزلزل یکجہتی پر اہل پاکستان کا شکریہ: شبیر شاہ

Feb 06, 2023


سرینگر (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور خاص طور پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں  کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے کشمیر کاز کے تئیں پاکستان کی مستقل پالیسی، غیر متزلزل عزم اور وفاداری کا بھرپور اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں جو مصیبت زدہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود عالمی سطح پر ان کی وکالت کرتا ہے۔ شبیر شاہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ ہم بھارت کے غیر قانونی اور جبری قبضے سے آزادی کے اپنے اہم مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔ حریت رہنما نے کہاکہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔ دریں اثنا تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم زرگر نے بھی ایک بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں