اسلام آباد(نا مہ نگار)انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس '' (آئی پی سی)مستحکم پارلیمان، جی آئی زیڈ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز (PIPS) کے تعاون سے پارلیمنٹرینز کے لیے روڈ سیفٹی پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ دو روزہ کانفرنس کا انعقاد 8-9فروری کواسلام آباد میں کیا جائیگا۔ دو روزہ کانفرنسں کا افتتاح اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی 8 فروری کو کریں گے۔ آئی پی سی روڈ سیفٹی کانفرنس میں مختلف ممالک سے 160 شرکا، مندوبین، متعدد اسٹیک ہولڈرز اور روڈ سیفٹی کے ماہرین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد قانون سازوں کو عالمی روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے ایک قرارداد کے ذریعے طے کیے گئے پانچ ستونوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ کانفرنس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، صدر IPC/چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، محمد صادق سنجرانی، سیکرٹری جنرل IPC سینیٹر ستارہ ایاز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اور دیگر اراکین پارلیمنٹ روڈ سیفٹی کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اہم خطاب کریں گے۔ سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈ اور ڈائریکٹر جنرل ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئس بھی ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ گلوبل روڈ سیفٹی کانفرنس پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے جس میں دنیا بھر سے کثیر تعداد میں پارلیمنٹرینز شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں یوگنڈا، آذربائیجان، سپین، اردن، لیبیا، الجزائر، گنی، ترکیہ، چاڈ اور ایران سمیت تقریبا 10 ممالک سے بھی بین الاقوامی پارلیمنٹرینزکو مدعو کیا گیا ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں TURKPA، IPU، اور PUIC جیسی بین الاقوامی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔