اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سرگرم عمل اور زندہ دل کشمیریوں کی شوخئی زیست‘ شوق حیات مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ جبر و تسلط تلے ماند پڑ چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ انسان تو محض آزاد معاشروں ہی میں پھلتے پھولتے ہیں۔ آزادی کی قدرو قیمت سے آشنا لوگ غیرقانونی بھارتی قبضے آزادی کی جستجو میں آج اہل کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مقبوضہ جموں اور کشمیر کے حالات پر بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں بھارتی مظالم کے آگے بے بس کشمیریوں کو اپنی دکھ بھری داستانیں سناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔