جیلین بھر تی ہیں تو ضما نت کینسل کرائو ، با جوہ نے کہا عمران جیسا بلنڈر ہم سے ہو ا : مریم نواز 


ملتان (سپیشل رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف (ر) قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا کہ مانتے ہیں عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، اب اعتراف کافی نہیں ملک و قوم کے ماتھے پر لگے داغ کو دھونا پڑے گا۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو سلام، کشمیر کی وادیوں، مائوں، بیٹیوں، بیٹوں کو سلام، ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان۔ ان کا کہنا تھاکہ مجھے، نوازشریف اور شہبازشریف کو احساس ہے، دل میں تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، دل میں شدید تکلیف ہے کہ آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، مجھے شدید تکلیف ہے، مجھے اور عوام کو پتا ہے مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے؟۔  انہوں نے کہا کہ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا، کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا؟۔ شاہد خاقان، رانا ثناء اللہ، مفتاح اسماعیل مہینوں جیل میں قید رہے کوئی نہیں رویا، مریم نواز کے آنسو نہیں نکلے، ٹکر کے لوگ کا دعویٰ کرنے والے آج زمین پر بیٹھ کر بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، یہ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھاکہ قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا کہ مانتے ہیں عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، اس بلنڈر نے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچادی، اب اعتراف کافی نہیں ملک و قوم کے ماتھے پر لگے داغ کو دھونا پڑے گا اور بلنڈر کو ملک سے اٹھاکر باہر پھینکنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ جو چار سال کہتا رہا ان کو رلاؤں گا، آج بچوں کی طرح رو رہا ہے، سیاستدان روتا نہیں ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے لیکن عمران خان سیاست دان نہیں، عمران خان نے ملک کی معیشت برباد کردی، اس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا۔ عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھاکہ عمران خان جب وزیر اعظم تھا تو 4 سال جیب بھرو تحریک چلاتا رہا، جیلیں بھرنی ہیں تو اپنی ضمانت کینسل کراؤ، کہتا ہے جیل بھرو اور خود بزدلوں کی طرح زمان پارک کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس طرح پہلے ملک کو بحران سے نکالا، اب بھی نکالے گا۔ علاوہ ازیں  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، سوائے ایک چیز کے سب کچھ دیں گے، انہیںان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے مگر وہ ایک چیز نہیں دیں گے جس کے بغیر عمران خان کا گزارا ممکن نہیں ہے۔ ملک میں مہنگائی ہے تاہم سوال یہ ہے کہ ملک آج اس حالت میں کیسے پہنچا؟۔ چیئرمین تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب نے کہاکہ لاڈلے کا 2014ء سے ایک ہی کام ہے، لانگ مارچ۔ تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا۔ 126 دن بعد اے پی ایس کے واقعہ پر اسے دھرنا ختم کرنا پڑا۔ نواز شریف نے قوم کو متحد کرنے کے لیے اس بدبخت کو خود فون کیا، اسے دعوت دی کہ آؤ بیٹھو، قوم کو متحد کرو۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہیں انہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں تم نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔ عمران خان کو جیل میں سب چیزیں مہیا کریں گے سوائے ایک چیز کے جس کے بغیر ان کا گزارا نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن