لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسداد پولیو اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 13 سے 16 فروری تک پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے اور مہم کے دوران 2 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیو فری پنجاب کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کے دوران مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیا جائے۔ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ مشترکہ کاوشوں سے مرض کا خاتمہ کریں گے۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے انسداد پولیو اقدامات اور مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اٹلی کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے ڈائریکٹر لوکامیسٹریپیری (maestripieri Mr. Luca) کی سربراہی میں 13 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں زراعت اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لئے اطالوی تکنیکی معاونت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کے حوالے سے تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں زراعت، ووکیشنل ٹریننگ، ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اطالوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سموگ سے نمٹنے کے لئے اٹلی کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کریں گے۔ یورپی یونین کی مارکیٹوں تک رسائی دینے پر اٹلی کے ممنون ہیں۔ اٹلی میں ٹویٹا انسٹرکٹرز کی ٹریننگ سے پنجاب کی ووکیشنل ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔ اطالوی وفد کے سربراہ نے کہا کہ لاہور آ کر خوشی ہوئی، ثقافت اور لوگوں کی مہمان نوازی متاثر کن ہے۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے پر قوم خصوصاً صوبے کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف پرزور انداز میں آواز بلند کی گئی اور بھارت کو کھلا پیغام دیا گیا کہ پاکستان اور کشمیر ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ ان کا کشمیریوں کے ساتھ انمٹ رشتہ ہے جو ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا اقلیتی برادریوں خصوصاً ہندو‘ سکھ اور مسیحی افراد کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘ سب نے یک زبان ہو کر کشمیر کاز کیلئے آواز اٹھائی۔