ایبٹ آباد میں یوم یکجہتی پر کشمیری کمیونٹی کی ریلی ، مودی کا پتلا نذر آتش


ایبٹ آباد (نامہ نگار)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایبٹ آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری کمیونٹی نے ریلی نکالی جس کی قیادت سابق امیدوار قانون سازی اسمبلی شیخ نثار نے کی۔شاہین چوک سے فوارہ چوک تک نکالی جانے والی ریلی میں کشمیری کمیونٹی کے ذاہد میر،ناصر شیخ،محمد صدیق، عبداللہ بٹ،اقبال کاوش،شہری اتحاد کے صدر معین قریشی ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری حاجی شہناز قریشی اور شیخ برادری کے عمائدین بھی شریک تھے۔ریلی کے شرکاء نے فوارہ چوک میں مودی کا پتلا جلایا اور ہندوستان کے خلاف نعرہ بازی کی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی شیخ نثار کا کہنا مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے ظلم اور بربریت کی مثال قائم کی ہے جس پر انسانی حقوق کے علمبردار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری دنیا کے کسی بھی کونے میں ہیں وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔شیخ نثار کا کہنا تھا مقبوضہ وادی میں ماؤں بہنوں کی عزتوں کو تار تار کیا گیا۔اور نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔جلد آزادی ملے گی اور ہم اپنے وطن جائیں گے انہوں نے کہا آذادی کی تحریک میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ  بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مذمتی نعرے بھی درج تھے۔

ای پیپر دی نیشن