گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ہلال احمر دفتر میں خواجہ سرا کے ڈانس کا معاملہ، انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سیکرٹری ہلال احمر برانچ گوجرنوالہ سمیت عملہ کے12 ارکان نوکری سے فارغ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ چند یوم قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ہلال احمر دفتر میں خواجہ سرا کو ڈانس کرتے دکھایا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا جبکہ سیکرٹری پراونشل ہیڈ کوارٹر ہلال احمر لاہور کی طرف سے بھی ضلعی انتظامیہ کو اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت سزا کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا تھا۔ جس میں انکوائری کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ملازمین کی برطرفی فیصلہ کیا گیا‘ ملازمت سے برطرف ہونے والوں میں سیکرٹری ہلال احمر ڈسٹرکٹ برانچ محمد بلال بٹ ، مس کرن امتیاز ڈی ایس ایس او، اصغر رضا ایڈمن اینڈ اکائونٹس آفیسر، محمد رضوان ڈی ایف اے، محمد عثمان وحید اسسٹنٹ ٹرینر، مس فضہ بشیر ڈیٹا انٹری آپریٹر، محمد ذیشان، وقاص حسین چوکیدار۔ ذوالکفل مس صہوبیا علی، عباس اور محمد آصف شامل ہیں۔ ممبر ہلال احمرکمیٹی میاں ثاقب غفور نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلال احمر دکھی انسانیت کی خدمت کا ادارہ ہے۔ سرکاری دفاتر میں اس طرح کے شرمناک واقعات کسی طور برداشت نہیں کئے جا سکتے۔
گوجرانوالہ : ہلال احمر دفتر میں خواجہ سرا کا ڈانس‘ سیکرٹری سمیت 12 ملازمین فارغ
Feb 06, 2023