پشاور(بیورورپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے عہدے داران اور ذمہ داران کا صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ ہوا۔ مشیر وزیراعظم انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ بعد میں پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے اس کے مطابق آگے بڑھا جائے گا۔ مشیر نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پارٹی کی تنظیم نو پر پارٹی عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ ضلعی قیادت ہر ضلع میں یونین کونسل اور ویلج کونسل تک تنظیم سازی یقینی بنائے۔ اجلاس میں یومِ یکجہتی کشمیر بھی منایا گیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مشیر سمیت تمام شرکاء نے پشاور دھماکے کی بھی بھرپور مذمت کی اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی۔انجینئر امیر مقام کی صدارت میں مریم نواز کے خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد اور پشاور کے دوروں کو کامیاب بنانے کیلئے حکمتِ عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کی بھرپور نمائندگی کی گئی۔