راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کا ارشادِ پاک ہے کہ تمام مسلمان جسم واحد کی مانند ہیں اور جسم کے کسی حصے کو بھی درد ہو تو سارا جسم اس درد کو محسوس کرتا ہے۔ نہتے کشمیری ،فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کرنے، ان کی آزادی اور ان پر ہونے والے جبر و استبداد کو روکنے کےلئے مسلم و دیگر ممالک اپنا کردار ادا کریں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور نہتے کشمیریوں پر کئی سال سے جاری بھارتی بر بریت، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی جن میں خوراک و ادویات کی ترسیل روکنا، کشمیری راہنماو¿ں کی نظر بندی بالخصوص خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ شہریوں پر تشدد کی سرگرمیوں کی پوری دنیا نے مذمت کی ہے۔ آج وطنِ عزیز پاکستان میں اپنے نہتے کشمیری بھائیوں کےساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کےلئے یومِ کشمیر منایا گیا تا کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی نا صرف مذمت کی جائے بلکہ ان کو رکوانے کے لئے اقوامِ عالم اپنا کردار ادا کریں۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔ یومِ کشمیر کے ساتھ ساتھ 13رجب المرجب کو سیدنا حضرت علیؓ کے یومِ ولادت پر ہدیہ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کے ذریعے امت تک یہ روشنی پہنچی کہ کائنات کی ہر چیز جن میں جنگلات، پتھر، پہاڑ، ریت کے ذرا ت شامل ہیں،حضور نبی رحمت پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور جب حضور نبی کریم نے حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کو فرمایا کہ کیا آپ کو ایسا اعلی عمل نہ بتاو¿ں جو تمام وظائف پر وزنی ہو تو حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم نے عرض کی کہ ضرور عطا فرمائیے تو جب حضور نبی رحمت سے آپ کووہ وظیفہ عطا ہو گیا تو آپ اس وظیفہ سے پہلے اور اس کے بعد درود و سلام پڑھا کرتے کہ یہ وزنی ترین وظیفہ مجھے حضور نبی رحمت کی وجہ سے عطاہوا ہے۔ قیامت تک امت کو یہ روشنی ملی کہ حضور نبی رحمت کی غلامی و اتباع کے ذریعے ہی امتِ مسلمہ ربِ رحمان کی رضا کو پا سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں ہفتہ وار درسِ حدیث پاک سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نےوطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، کشمیرو فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی اور اتحاد بین المسلمین کےلئے خصوصی دعا کی۔
پیر نقیب الرحمن