لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے۔ حکمرانوں کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت سے کشمیری مسلمان آج تک آزادی سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ اور ہمارے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے کشمیرہڑپ کرلیا ہے۔ کشمیری ماؤں اور بہنوں کی عزتوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔ ایک طرف کشمیری مدد کیلئے پاکستانی افواج اور حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں تو دوسری طرف بے حس حکمران نعروں، تقریروں اور ترانوں سے کشمیر کی آزادی کے منتظرہیں جوسراسر بزدلی کی اعلی مثال ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ، نوجوان او ربوڑھا کشمیر کی آزادی اور بھارتی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ کشمیرکی آزادی سے ہی پاکستان کا استحکام اور سلامتی وابستہ ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری شہ رگ پر بھارت نے قبضہ کررکھا ہے اور ہم اقوام متحدہ میں احتجاجوں اور تقریروں تک محدودہیں جو قابل مذمت ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیر پر اور کشمیریوں کی قربانیوں پر کسی سودے بازی کو قبول نہیں کریگی۔ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمن سے قوم پوچھتی ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے آپ کہاں کھڑیں ہیں۔ پی ڈی ایم نے کشمیر کی آزادی کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں۔
مضبوط، مستحکم ، خوشحال پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے:جاوید قصوری
Feb 06, 2023