شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صد ر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب نہ صرف مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا بلکہ پاکستان کا حصہ بھی بنے گا، محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہنچائی اور اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک کو مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر کردار ادا کرنے پر مجبورکیا خود بھارتی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر رابطوں پر مجبور ہوئی مگر پی ٹی آئی نے برسر اقتدار آکر کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور اپنے دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر کو یکسر پس پشت ڈالے رکھا، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کا پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا جو آج بھارت کے غاصبانہ قبضہ میں ہے۔ جسکے خلاف نواز لیگ برسر پیکار ہے اور کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھے گی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو انڈیا کی جنونی قیادت اپنی غاصب فوج کے ذریعے ہرگز نہیں دبا سکتی،پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے سیکیورٹی فورسسز کے جوان حقیقی معنوں میں ہیرو ہیں۔
پی ٹی آئی نے برسر اقتدار آکر کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچایا :عارف سندھیلہ
Feb 06, 2023