لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیرکی آزادی کا سورج ایک دن ضرور طلوع ہوگا۔ ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے الحمراء آرٹ گیلری میں منعقدہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر علی نواز ملک، ڈی جی پی آر روبینہ افضل اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی بھی موجود تھے۔ نمائش میں یوم یکجہتی کشمیر کے موضوع پر 70سے زائد آرٹسٹو ں کے بنائی گئی تصاویر رکھی گئی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آج اس نمائش میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو زبردست انداز میں پینٹ کیا گیا ہے۔ عامر میر نے کہا کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدو جہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے اس موقع پر مقابلہ مصوری میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعاما ت تقسیم کئے۔