لاہور (سپورٹس رپورٹر ) ضلع لیہ کے شہر فتح پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بائولر جلات خان نے کہا ہے کہ وہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف کی طرح نام بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے والد مزدوری کرتے ہیں اور وہ بھی اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ اپنے والد کی مدد کرتے تھے مگر کرکٹ کا شوق اور جنون انہیں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کھینچ لایا۔ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کیلئے ملک بھر میں سفر کرنے والے جلات خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک روز ملتان میں ٹیپ بال کرکٹ میچ کھیلنے گئے تھے، وہاں کسی دوست نے بتایا کہ لاہور قلندرز کے ٹرائلز جاری ہیں تو انہوں نے قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور ٹرائلز میں بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرکے کیو ایچ پی سی میں داخلے کیلئے منتخب ہوگئے۔ وہ پی ایس ایل 8 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے بیتاب ہیں اور اس ضمن میں ان کی بھرپور تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔پی ایس ایل دنیا کی ایک بڑی لیگ ہے اور ان کے پاس اپنے خواب پورے کرنے کیلئے یہ ایک بہترین موقع بھی ہے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک ان کے آئیڈیل بائولر ہیں تاہم ان میں کرکٹ کا شوق سابق کپتان شاہد آفریدی کو دیکھ کر پیدا ہوا ہے۔ وہ شاہین شاہ آفریدی سے پہلی مرتبہ ملے تو انہوں نے بائولنگ کے مفید مشورے دیے اور شاہین آفریدی نے انہیں ہوا کی مخالف سمت میں گیند سوئنگ کرنے کا گر سیکھایا جو انہیں آج بھی یاد ہے۔