راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کی مرکزی تقریب وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج میں منعقد ہوئی ، مہمان خصوصی کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ تھے۔ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ طالبات نے کشمیری نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے جن میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو پیش کیا گیا،کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری عوام کے ساتھ ڈھرکتے ہیں اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم نے مظلوم کشمیری عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر عالمی برادری کیلئے چیلنج ہے،تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر مرضیہ سلیم، اے سی کینٹ، ڈائریکٹر کالجز، پرنسپل وقار النساء یونیورسٹی، سی ای او ایجوکیشن قاضی محمد طارق اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس طالب حسین نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔