راولپنڈی(محبوب صابر سے)پشاور مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد کسی بھی نا خوشگوار واقعہ اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر) شعیب علی نے سول ڈیفنس راولپنڈی کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں،ضلع راولپنڈی میں غیر قانونی طور پر قائم 650گیس ری فلنگ کرنے والی اور80آئیل ایجنسیوں کو سیل کر دیا گیا، چالان مجاز عدالتوں میں بھجوا دیئے گئے، روزانہ کی بنیاد پر آ پریشن جاری ہے، خود کار اور جدید آلات سے لیس بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کو مزید اپ گریڈ کر دیا گیا، گاڑی پر موجود عملہ تین شفٹوں میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گا جس کیلئے شیڈول بنا یا گیا ہے، سول ڈیفنس آفس میں کنٹرول قائم کیا گیا ہے جہاں پر ضلع راولپنڈی کے ہر ادارے کا ایک نمائندہ موجود ہو گاجو کسی بھی ہنگامی صورت حال کے متعلق اپنے ادارے کے سربراہ کو آگاہ کرنے کا پابند ہو گاتاکہ جلد سے جلد ہنگامی حالات سے نمٹا جا سکے، شہری دفاع کے3500رضاکاروں کو مختلف مقامات پر ڈیوٹی کیلئے مقرر کر دیا گیا ہر گلی محلے میں موجود ہوں گے، 20ہزار آبادی کیلئے 89رضا کار مقرر کئے گئے ہیں جن کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اردگرد نظر رکھیں گے اور جہاں کہیں بھی کوئی مشکوک چیز یا کسی فرد کو دیکھیں تو فوری طوری پر قریبی تھانے یا سول ڈیفنس کنٹرول روم میں اطلاع دیں گے، سول ڈیفنس نے 4/4افراد پر مشتمل 4خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو6/6گھنٹے ڈیوٹی دیں گے جن کا انچارج بم ڈسپوزل کمانڈر خلیل احمد ہوں گے جو ان ٹیموں کی نگرانی کریں گے، سول ڈیفنس آفیسر راولپنڈی طالب حسین نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی واضع ہدایات کے بعد سول ڈیفنس کو مزید اپ گریڈ کیا گیا ہے ، غیر قانونی طور پر قائم گیس ری فلنگ کرنے والی اور آئیل ایجنسیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آ پریشن جاری ہے جن کے چلان کرکے مجاز عدالتوں کو بھجوائے جا تے ہیں، ضلع راولپنڈی اور اس کی تمام تحصیلوں میں اپنے عملہ کو الرٹ کیا گیا ہے۔