کراچی (کامرس رپورٹر ) سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت بلدیہ جنوبی میں کام کرنے والی چائنیز کمپنی C.K کے ریجنل منیجر چائنیز اہلکار موسیٰ لی نے کنٹریکٹ ڈیلی ویجرز ملازمین کی بڑھتی ہوئی شکایات اور گزشتہ روز اخبارات میں شائع ہونے والے بیانات کی روشنی میں آج کے ایم سی ورکشاپ میں واقع چائنیز کمپنی C.K کے سیلری سیکشن ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے دفتر پر اچانک چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ریکارڈ کے مطابق تمام 1500 ملازمین کی 30 دنوں کی تنخواہوں کے بلز ار حاضری پاس ہونے کے باوجود کنٹریکٹ ملازمین کو 3، 3 دن کی فی ملازم جو کہ 1500 ہیں کی کٹوتی کرکے اپنی جیبوں میں ڈالنے پر سیلری کمپیوٹر انچارج فیضان ہزاروی ڈور ٹو ڈور کلیکشن اسٹاف انچارج عارف خان اور حاضری چیکنگ سرویئر سمیر خان کا ریکارڈ قبضے میں لے کر ان کے خلاف شوکاز جاری کردیا جس سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجرز اسٹاف میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ دو روز قبل کنٹریکٹ و ڈیلی ویجرز ملازمین نے ہڑتال کرکے ریجنل منیجر کو ان ملازمین کی شکایت کی تھی۔ سندھ سولڈ ویسٹ کنٹریکٹ ڈیلی ویجرز اسٹاف نے موسیٰ لی کے کامیاب چھاپے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کٹوتیاں واپس دلوانے اور ان ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔