واجبات ملنے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر عاصم حسین سے اظہار تشکر 

کراچی (کامرس رپورٹر ) سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ بلدیہ وسطی کراچی کے ریٹائر و وفات پاجانے والے ملازمین کیلئے ڈاکٹر عاصم حسین فرشتہ ثابت ہوئے جن کی کوششوں سے ابھی تک بلدیہ وسطی کے 1318 ریٹائر و وفات پاجانے والے ملازمین کو 23 کروڑ 70 لاکھ کے لیو انکیشمنٹ، فنانشل اسسٹنٹس، گروپ انشورنس کے واجبات ادا کرکے بلدیہ وسطی کے ذمے ریٹائر اور وفات یافتہ ملازمین کے واجبات زیرو کردیئے ہیں۔ بلدیہ وسطی کے ریٹائر ملازمین اور وفات یافتہ ملازمین کے لواحقین کیلئے ڈاکٹر عاصم حسین فرشتہ ثابت ہوئے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی میونسپل کمشنر اور سینئر اکائونٹس آفیسر ناصر خان کی کوششیں بھی قابل تعریف ہیں۔ یہ 1318 ملازمین 2010 سے اپنے واجبات سے محروم تھے۔ آج کا دن ان ملازمین کیلئے عیدکے دن سے کم نہ تھا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری و بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے امور کی نگرانی بھی ڈاکٹر عاصم حسین کے حوالے کردیں کیونکہ یہاں کراچی بھر کے بلدیاتی اداروں سے ریٹائر وفات پاجانے والے 8 ہزار سے زائد ملازمین اپنے واجبات سے مئی 2016 سے محروم ہیں اور آج جن ملازمین کو بلدیہ وسطی نے اپنے ذمے واجب الادا واجبات ادا کیے ہیں انہیں اب اپنے گریجویٹی و پنشن کمیوٹیشن کے چیکس کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی لائن میں لگنا پڑے گا۔ لہٰذا کابینہ اور عدالتی فیصلے کے تحت ان ریٹائر و وفات پاجانے والے ملازمین کے واجبات بھی ادا کروائے جائیں۔ انہوں نے ایک بار پھر ڈاکٹر عاصم حسین، ایڈمنسٹریٹر طلحہ سلیم، میونسپل کمشنر زاہد حسین رند اور اکائونٹس آفیسر ناصر خان کا ملازمین کے واجبات دلوانے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے موقع پر سیدذوالفقارشاہ نے اپنے ہاتھوں سے ریٹائر ملازمین اور وفات یافتہ ملازمین کی بیواؤں میں چیکس بھی تقسیم کیے۔ 

ای پیپر دی نیشن