کراچی (کامرس رپورٹر ) کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور حقوق انسانی کی شدید پامالی،کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف پروگرام ، تقاریب منعقد اور ریلیا ں نکالی گئی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد پوری دنیا کی توجہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور نا انصافی کی طرف مبذول کرانا ہے، کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لئے قربانیوں اور استقامت کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں جن کا موازنہ دنیا بھر میں چلنے والی آزادی کی کسی بھی تحریک سے نہیں کیا جاسکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیراہتمام کے ایم سی بلڈنگ میں منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میونسپل کمشنر کے ایم سی سید شجاعت حسین، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان، ملازمین سمیت معززین شہر کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔٭ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع ضلع شرقی میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، سید شکیل احمد اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ راجہ طارق چانڈیو کے اشتراک سے عمل میں لائی گئی جس میں بڑی تعداد میں شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ریلی کی قیادت کی بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد ودیگر نے ریلی کی قیادت سنبھال لی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، سید شکیل احمد نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائییوم یکجہتی ریلی میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی محمد شریف، ڈپٹی کمشنر ایسٹ راجہ طارق چانڈیو، ڈپٹی کمشنر کورنگی، علی رضا زیدی، ڈپٹی کمشنر عرفان میروانی، فوکل پرسن امتیاز بھٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ایم ارشاد علی سمیت بلدیہ شرقی کے افسران نے شرکت کی۔٭کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی سندھ کے تحت یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔اس سلسلے میں کراچی میں ریلی نکا کر اور ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا،شرکاء نے کشمیر پر بھارتی مظالم کیخلاف بھارت کا ایک علاج الجہاد الجہاد،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،کشمیر ہمارا ہے اور سارا کا سارا ہے، جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے ۔٭ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی اور واک کی گئی،جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز ، اساتذہ طلبہ و طالبات نے شرکت کی،اس موقع پر شرکا نے ہاتھوں میں علامتی زنجیر باندھ کر کشمیریوں کی بے بسی ظاہر کی اور ہاتھوں میں کشمیر کے پرچم تھام کر بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے خلاف نعرے بلند کیے ،ڈایونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے اظہار خیال کیا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا اور ہے،بانی پاکستان قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی رشہ رگ قرار دیا تھا،مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،ہم بھارتی حکومت کی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔٭ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ ہمارا تعلق روحانی ہے یہ تعلق کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔مقبو ضہ کشمیر کی تحریک آزادی دنیا کی طویل ترین آزادی کی جدو جہد بن گئی ہے ۔پوری پاکستانی قوم کشمیر ی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے ۔٭ ینگ مسلم کھتری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے منعقد تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی خاتون سینیٹر ڈاکٹر خالدہ سکندر مندرو نے کہا کشمیر کے مسئلے پر پیپلز پارٹی اور پاکستانی قوم کا اصولی اور تاریخی موقف ہے جس پر قائداعظم سے لے کر شہید زوالفقار علی بھٹو شہید بے نظیر بھٹو سے لے موجودہ نوجوان وزیرخارجہ بلاول بھٹو مضبوطی سے قائم ہیں۔٭ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ کشمیر تقسیم برصغیر اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میںمستقل امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا۔٭جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ وادی کشمیر میں مسلمانوں کا بہتا لہو امت مسلمہ کا ضمیر جھنجوڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل جہاد ہے۔ بھارت کا انجام سوویت یونین اور امریکہ سے زیادہ خطرناک ہوگا۔٭سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اتحاد کراچی سٹیزن کونسل کے سربراہ محفوظ النبی خان نے کشمیر ڈے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں میں شامل ہے۔٭ پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہر چھوٹے بڑے اسٹیشن پر کشمیر کے عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقے سے منایا۔ کراچی کینٹ اور سٹی سٹیشن پر پینا فلیکس اور پوسٹر آویزاں کرنے کے علاوہ اسٹیشن پر لگے ہوئے ایل سی ڈی کے ذریعے دنیا تک آواز پہنچانے کی کوشش کی۔اس موقعے پر ڈی ایس کراچی اطہر ریاض نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔٭پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے شہر بھر میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیاں گلشن اقبال،نیوکراچی،ملیر،گلبرگ،لیاقت آباد،ماڈل کالونی،ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد،صفورہ،کلفٹن،کورنگی،لانڈھی،شاہ فیصل ،ابراہیم حیدری،لیاری ،صدرٹائون سمیت دیگر علاقوں میں نکالی گئیں۔ ریلیوںمیں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی سے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر شہباز عبدالجبار و علاقائی ذمہ داران وسیاسی وسماجی قائدین نے گفتگو کی ۔ ٭ جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر و رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی محمد یوسف کشمیری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے حکمراں روایتی انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی بجائے کشمیر کی آزادی کیلئے بین الاقوامی فورم پرصدائے حق بلند کریں ۔٭ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلے پر منظور اپنی قراردادوں پر بھارت سے عمل درآمد کروائے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہٹ دھرمی عالمی امن کی تباہی ہے ۔٭پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔٭ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکر ٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا یوم یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتایہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔٭آل پاکستان زندہ باد بیسک آرگنائزیشن کی جانب سے کراچی میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جبکہ تقریب کا انعقاد شاہ لطیف ٹائون میں ہوا، جس سے آرگنائزیشن کے بانی سمیت مختلف عہدیداروں نے خطاب کیا ۔ ریلی میں طلبہ و طالبات ، عمائدین شہر ، سیاسی اور سماجی رہنمائوں اور مختلف انجمنوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ جبکہ ضلع شرقی کی صدر منتخب ہونے پر شہنیلہ خانزاہ کو اجرک پہنائی گئی۔ وقار احمد سیکریٹری انفارمیشن ،میڈیا کووآرڈنیٹر سندھ جاوید پاریکھ ، شکیل جونا ملیر سیکریٹری اطلاعات ، سینئر وائس چیئرمین جلیل احمد باجوہ ، آمنہ بخاری صدر لیڈیز ونگ سندھ و دیگر نے کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کیا۔٭بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیراہتمام 5فروری کو کشمیریوں کے ساتھ ان کے حق خودارادیت کے لیے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مختلف فیکلٹیز کے ڈینز ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو، ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرس ڈاکٹر آصف علی وگن، ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی، کنٹرولر امتحانات فرقان افتخار اور مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز نے کی۔ریلی میں SMIU کے افسران، فیکلٹی ممبران اور دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیری عوام کو بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم و بربریت کا سامنا ہے کیونکہ وہ صرف اپنا حق خودارادیت چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر چنڑ نے کہا کہ گزشتہ 76 سالوں سے کشمیری عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں لیکن بھارتی افواج نے ان پر نہ ختم ہونے والی جنگ مسلط کر رکھی ہے اور اقوام متحدہ، مسلم دنیا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، ڈاکٹر جمشید ہالیپوٹو، ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی اور فرقان افتخار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کو روکا جائے اور کشمیریوں کو اپنا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے۔٭ملک بھر کے علماء مشائخ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال اوکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوںپر عالمی قوتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں، ۔یہ بات یوم یکجہتی کشمیر ''روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانتے ہوئے سیمینارز،کانفرنسو ں اور یکجہتی ریلیوں سے تقاریر میں کیا، ریلی سے تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے سربراہ سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا،علامہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری،پروفیسر ڈاکٹردلاور خان، پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی،پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید سہروردی،پروفیسر ڈاکٹرمہربان نقشبندی ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، پیر سیدارشد حسین اشرفی،فقیر ملک شکیل قاسمی،صوفی سید مسرورہاشمی خانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیاء الدین،پر و فیسر علامہ ڈاکٹر محمود عالم خرم آسی جہانگیری، علامہ خلیل نورانی، عبدا لوحید یونس،قاری محمد ادریس، مفتی حفیظ اللہ ہادیہ،مولانا سلمان بٹلہ،جمیل احمد خان،سید سلیم بخاری و دیگر نے خطاب کیا ۔٭5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے تحت اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سوک سینٹر تا گرومندر "کشمیر ہمارا ہے" موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی،جس میں اہلسنت والجماعت کے کارکنان نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر اہلسنت والجماعت کے راہنماں علامہ غازی اورنگزیب فاروقی،مفتی رب نواز حنفی اور مولانا تاج محمد حنفی نے خطاب کیا ۔٭ بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے تحت یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق مودی سرکار کے 5 اگست 2019 کے ظالمانہ اقدام کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں پاک کالونی کے علاقے محب چوک بڑا بورڈ پر مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت ایم کیو ایس سی کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کی مظاہرین سے مقررین نے خطاب کیا۔٭دنیا اور جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، ہر سال 5فروری کو دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے ہیں ،۔ ان خیالات کا اظہار بین المذاہب کمیشن برائے امن و ہم آہنگی (ICHP)کے چیئرمین اور عالمی سفیر امن علامہ احسان صدیقی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔