کراچی (کامرس رپورٹر ) کشمیر تقسیم برصغیر سے قبل بھی مسلمانوں کا تھا، آج بھی ہمارا ہے اور کل بھی پاکستانیوں کی شہہ رگ رہے گا۔ یہ تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ بھارتی بربریت مظلوم کشمیریوں کو حق ِخودارادیت سے محروم نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار نامور محقق اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ضیاء الرحمٰن ضیاء نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی زیر اہتمام "یوم یکجہتی کشمیر"پر منعقدہ بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات کشمیر کے شرکاء سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کی صدارت گورنمنٹ بوائز کالج 5۔ایل نارتھ کراچی کے پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر رئوف محمد نیازی نے کی۔ اس موقع پر مہمانان اعزازی ڈائریکٹر عثمان اسکولز انتصار احمد غوری، JIنارتھ کراچی سے نومنتخب یوسی چیئرمین ڈاکٹر خالدمحمود، PQSکے بانی چیئرمین پروفیسر حافظ نسیم الدین ، صدر ایس ایم سعید ، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فیضان احمد، نوید پاشا و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدر نشیں ڈاکٹر رئوف نیازی نے پاکستان کوئز سوسائٹی رجسٹرڈ کی منتقلی علم کے حوالے سے طویل ،مسلسل اور اعلیٰ ترین خدمات پر ادارے کے بانی و چیئرمین حافظ نسیم الدین کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات مظلو م مسلمانوں کواپنی مرضی پرنہیں چلا سکتے ۔ کشمیر کی تحریک آزادی مقصد کی تکمیل تک جاری رہے گی۔ پروفیسر حافظ نسیم الدین نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بے مثل اور ان کی استقامت لازوال ہے۔ 75سال سے انڈین حکومت نے ہر طرح کے ظلم و بربریت کے طریقے آزما لیے اور اب ہندوستان میں ضم کرنے کا اعلان بھی کردیا لیکن کشمیریوں کے دینی جذبے کو ہرا نہیں سکے۔ انہوںنے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر تجدید عہد اور عزم نو کی نوید ہے۔ آزادی کشمیر ہماری بقا کی ضمانت اور کشمیر بنے کا پاکستان کا نعرہ تکمیل پاکستان کا نعرہ ہے۔حافظ نسیم الدین نے کہا کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت مومن کی میراث ہے ۔ دنیا کی کوئی ٹیکنالوجی اس جذبے کو شکست نہیں دے سکتی۔ منصفینِ کرام کے متفقہ فیصلے کے مطابق بحریہ یونیورسٹی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج KMDC، ایس ایم سائنس کالج اور جامعہ کراچی کی ٹیمیں بالترتیب اول، دوم، سوم اور خصوصی انعامات کی حقدار قرار پائیں۔کشمیر کوئز رننگ ٹرافی 2023سال بھر کے لیے بحریہ یونیورسٹی کے حصے میں آئی۔تقریب میں پاکستان کوئز سوسائٹی رجسٹرڈ کی جانب سے پروفیسر ضیاء الرحمٰن ضیاء کو ان کی طویل و شاندار علمی و تحقیقی خدمات پر بانی چیئرمین حافظ نسیم الدین و دیگر نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا۔