کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران کاروبار حصص میں ملا جلارجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 20.63 پوائنٹس کے اضافہ سے 40450.53پوائنٹس سے بڑھ کر 40471.16پوائنٹس پر آگیا۔مارکیٹ میں ریفائنری ،فوڈز ،ٹیلی کام ،توانائی ،بینکنگ، توانائی ،پیٹرولیم ،سیمنٹ ،آئل اینڈ گیس اور دیگر سرگرم شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں۔کاروباری سرگرمیوں میں اتارچڑھائو کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 55کروڑ روپے بڑھ کر 63 کھرب 52 ارب 24 کروڑ 29 لاکھ 80 ہزار 327روپے ہوگیا۔ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26973.86پوائنٹس سے گر کر 26921.40 پوائنٹس پر بند ہوا ۔انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 39842 رہی جبکہ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 40986 رہی ۔گزشتہ ہفتے پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کا دبائو بڑھنے سے بار بار مارکیٹ تنزلی کا شکار بھی ہوئی تاہم کاروباری سرگرمیاں مسلسل اتارچڑھائو کا شکار رہیں۔ البتہ منگل31جنوری کو آئی ایم ایف وفد کی پاکستان آمد اور وزرات خزانہ کیساتھ مذکرات کامیاب ہونے پر قرض کے اجراء سمیت سعودی عرب اور چین سے بھی قرض ملنے کے امکانات روشن ہونے اور ملک میں معاشی بہتری آنے کی توقعات پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو زبردست تیزی کا رجحا ن بھی چدیکھا گیا لیکن اس سے اگلے روز ہی مارکیٹ پھر دبائو میں آگئی۔ ہفتہ بھر میں اسٹاک ایکسچینج میں 65 کروڑ 39 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے اور ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 29 ارب روپے رہی ۔کاروباری سودوں کے اعتبار سے نمایاں کمپنیوں میںپاک ریفائنری ، سینرجیکو پاک ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،ورلڈ کال ٹیلی کام، کے الیکٹرک لمیٹڈ، حب پاورکمپنی،دیوان موٹرز ،گل احمد ،پاک پیٹرولیم ، میپل لیف ، فوجی سیمنٹ اور دیگر شامل تھیں۔