پی ٹی آئی کی نئی یلغار 

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کی جنتر منتر نسل امریکی پاکستانیوں کی مدد سے پاکستان اور اسکے ریاستی اداروں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی تیاری کرنے میں مصروف ہے۔یقینا اس کے لیے بہت بڑی فنڈ ریزنگ کی گئی ہو گی ۔امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے مخصوص طبقوں سے چندہ لینے سے بھی گریز نہیں کیا گیا ہو گا ۔کہا جا رہا ہے وہ 8فروری کے عام انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں اور انتخابی نتائج کو مشکوک ثابت کرکے ملک میں انتشار پھیلانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ۔اس وقت پی ٹی آئی کی قیادت ایک بڑے امتحان سے گزر رہی ہے ۔وہ قید و بند کا شکار ہیں۔ انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور عدالتیں انہیں عبرت ناک سزائیں سنا رہی ہیں ۔اس پس منظر میں پی ٹی آئی کے اوورسیز کارکن بپھرے ہوئے ہیں اور ان کی کوشش یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو فنا ہونے سے بچایا جا سکے اور اس کی قیادت کو مظلوم ثابت کرکے انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی حمایت حاصل کی جائے اور اپنی قیادت کو سزائوں سے بچایا جائے ۔اس مہم کا بنیادی نقطہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس کے امیدواروں کو بلے کا نشان بھی نہیں ملا ۔ اس کے مطابق الیکشن میں پی ٹی آئی کو لیول فیلڈ بھی نہیں دیا گیا اور اسٹیبلشمنٹ مخصوص سیاسی جماعتوں کی سرپرستی کر رہی ہے ۔پی ٹی آئی کی تاریخ شاہد ہے کہ اسے جب جب الیکشنوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے انتخابی نتائج کو متنازع بنانے کی کوشش کی ۔کبھی پینتیس پنکچروں کے لطیفے گھڑے گئے اور کبھی اسلام آباد کے ڈی چوک میں مہینوں دھرنا دے کر حکومت کو مفلوج بنایا گیا اور پاکستان کے عظیم ترین دوست چین کے صدر محترم کے دورے کو ملتوی کرانے پر مجبور کیا گیا ۔پی ٹی آئی بھول گئی ہے کہ اسے 2018میں کس طرح حکومت میں لایا گیا ۔اس کے لیے آر ٹی ایس کو بند کرکے انتخابی نتائج کو پی ٹی آئی کے حق میں تبدیل کیا گیا ۔اس پر بھی بات نہ بنی تو بد ترین ہارس ٹریڈنگ دیکھنے میں آئی ۔پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں روزانہ کوئی نیا فتنہ کھڑا کیا گیا ۔عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کر دیا گیا ۔سی پیک کو کھٹائی میں ڈالا گیا ۔ملکی معیشت کو تباہی کے بھیانک اندھیروں کی نذرکر دیا گیا ۔پاکستانی روپے کی قدر کو پامال کرکے مہنگائی کا منہ زور طوفان برپا کیا گیا ۔آخری ہلے کے طور پر فوج کے خلاف طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا ۔اور مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے نو مئی کو پاکستانی فوج کے دو سو ٹھکانوں پر ہلہ بولا گیا ۔نو مئی کا سانحہ ملکی تاریخ میں قیامت صغریٰ کی حیثیت رکھتا ہے ۔
پاکستان کے دشمن ہمیشہ کوشش کرتے رہے کہ پاک فوج کو کمزور کرکے ملک کے ٹکرے ٹکرے کر دیے جائیں ۔پاک فوج ایٹمی اسلحے سے لیس ایک ناقابل شکست طاقت ہے اس لیے ملک دشمن عناصر نے پی ٹی آئی کو تھپکی دی اور اسے یہ مشن سونپا گیا کہ وہ پاکستانی فوج کو عوام کی حمایت سے محروم کردیں۔اس کے لیے پی ٹی آئی نے عالمی سوشل میڈیا پر پاک فوج اور اس کی قیادت کو نشانہ بنایا۔پاک فوج کے سربراہ پر لعن طعن کی گئی ۔اور یہ غلیظ مہم آج اپنے زوروں پر ہے ۔پاک فوج کی کردار کشی کی جا رہی ہے ۔اور پاکستان کے تمام مسائل کا ذمہ دار فوج کو ٹھہرایا جا رہا ہے ۔دنیا میں ہر ملک کے پاس ایک فوج موجود ہے جو ملک کی سلامتی اور آزادی کا تحفظ کرتی ہے ۔فوج کا یہ کردار کوئی نیا نہیں ہے۔تاریخ عالم میں بڑی بڑی تبدیلیاں فوج اور اس کے سپہ سالاروں کے ہاتھوں رو نما ہوئیں ۔سلطنت روم اور سلطنت ایران کو اسلامی لشکروں نے تہس نہس کیا۔محمد بن قاسم نے فوج کی مدد سے دیبل کو فتح کیا تھا ۔اور مہا بھارت کا خواب چکنا چور کر دیا تھا ۔مغل سلطنت بھی وسط ایشیا کے لشکروں نے کھڑی کی۔محمود غزنوی ، ابدالی ،غوری سب کے سب فوج کے سپہ سالا ر تھے ۔انہوں نے فوجی طاقت سے پانی پت اور سومنات میںہندواتا کے نظریات کو بھسم کر ڈالا تھا ۔معاف کیجئے ان کے لشکروں میں گالیاں بکنے والے ہیجڑے شامل نہیں تھے ۔اور نہ انہوں کسی سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کا سہارا لیا تھا ۔انہوں نے بازو شمشیر زن کے بل بوتے پر فتوحات کے ریکارڈ قائم کیے ۔امریکہ اور نیٹو کی فوجیں پچھلی ایک صدی سے دنیا کی حکومتیں تل پٹ کر رہی ہیں ۔اسرائیل اپنی جنگی قوت کی مدد سے مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے ۔اس نے برسوں سے اپنے ہمسایوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور اردن ،لبنان،شام اور مصر کو ناکوں چنے چبوائے۔ہمارے سوشل میڈیا کے بہروپئے یہ بھول گئے ہیں کہ برصغیر کو برطانوی فوج نے تسخیر کیا ۔دنیا کے کسی حصے میں ،پرتگال کی فوجیں دندناتی رہیں ،کہیں سپین کے لشکر دندناتے رہے اور ایک طویل استعماری دور کا آغاز ہوا ۔سولہ دسمبر اکہتر کو بھارتی فوج کے جنرل اروڑا کے چھاتہ برداروں نے ڈھاکہ پر قبضہ جمایا۔کیا یہ چھاتہ بردار ممبئی کے بالی ووڈ کے کوئی ہیرو تھے ۔امریکہ میں وائٹ ہائوس محض طاقت کی ایک علامت ہے جبکہ پینٹاگون کی طاقت سے ایک دنیا لرزا بر اندام ہے ۔
پاک فوج دنیا میں کوئی عجوبہ نہیں وہ ایک قومی ادارہ ہے جس نے ہر طرف سے دشمن میں گھڑے ہوئے پاکستان کی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنا رکھا ہے ۔پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور ان کے ساتھیوں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ بیرونی چندوں پر پلنے والے پی ٹی آئی کے شوریدا عناصر کی کیا حیثیت ہے ۔پاک فوج نے پچھلے بیس برس میں دہشت گردی کو کچل کر رکھ دیا ہے ،اب بھی پی ٹی آئی کے امریکی کھلاڑی الیکشن کے موقع پر کسی گھنائونی دہشت گردی کے مرتکب ہونا چاہتے ہیں یا وہ سیاسی اور انتخابی جلسے جلوسوں کو نشانہ بنانے کے خواہاں ہیں ۔مگر پاک فوج ان کے مذموم ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کے عزم سے سرشار ہے ۔وہ دنیا کی ہر فوج کی طرح اپنے دائرے میں رہ کر قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے ہنر سے آشنا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...