اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے انتخابات 2024ء کی کوریج کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کی سہولت کے لئے میڈیا ہیلپ لائن کا افتتاح کر دیا۔ پیر کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ میڈیا ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی ہر طرح سے مدد کی۔ موجودہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ہمیں اپنے کام کے طریقوں کو جدید اور اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہیلپ لائن پلیٹ فارم انٹرنیٹ کی سہولت سے آراستہ کسی بھی موبائل، ٹیبلٹ، کمپیوٹر ڈیوائس کے برائوزر کے ذریعے قابل رسائی ہوگا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ میڈیا ہیلپ لائن کے ذریعے صحافیوں اور مبصرین کو ایک آن لائن پلیٹ فارم میسر آیا ہے جہاں وہ اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہیلپ لائن سے مختلف ڈیپارٹمنٹس بشمول وزارت داخلہ، پولیس، انتظامیہ، الیکشن کمیشن، پیمرا، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ اور پی آئی ڈی کے صوبائی دفاتر کو منسلک کیا گیا ہے۔ اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔