واقعہ معراج پر ایمان، عشق رسولؐ سے سرشار، مسلمان فخر کرتے ہیں: منور حسین جماعتی  

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) تاریخ عالم میں واقعہ معرج انتہائی خصوصیت کا حامل ہے۔ یہ ایک ایسا عظیم واقعہ ہے جس پر ایمان اور عشق رسول سے سرشار مسلمان تو بجا طور پر فخر کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم المرتبت رسول کے امتی ہیں جنہیں رب کائنات نے حالت شعور میں زمینوں اور آسمانوں کی سیر کرائی جبکہ اس واقعہ کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنے والے آج تک شش و پنج میں گرفتار ہو کر اس کی گتھیاں سلجھانے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر حقیقت یہی ہے کہ معجزہ  وہی ہوتے ہیں جو عقل سے بالاتر ہوں اور معجزات کو عقل سے پرکھنا ہی بے عقلی کی نشانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے جامعہ مسجد امیر ملت برمنگھم میں معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و میلاد مرتضیٰ رضی اللہ عنہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انبیاء سے ممتاز کر کے جسمانی معراج شعور کی حالت میں کرائی‘ اس قربِ خاص میں طالب و مطلوب کے خلوتِ راز میں راز و نیاز کے پیغام دئیے گئے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اولین، آفرین، ظاہری و باطنی علوم کا وارث بنایا۔ اسی رات نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بارگاہِ الٰہی سے نماز کا بہترین تحفہ بھی ملا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی سیرت مبارکہ پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب اور کردار و کارناموں سے تاریخ اسلام کے اوراق روشن ہیں جس سے قیامت تک آنے والے لوگ ہدایت و رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن