واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی جریدہ بلوم برگ نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام مارچ میں ختم ہو رہا ہے۔ جنوری میں ڈالر بانڈز 9 فیصد واپس آئے۔ گزشتہ سال پاکستان نے سرمایہ کاروں کو تقریباً 100 فیصد منافع واپس کیا۔ بہتر کارکردگی پاکستان کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ الیکشن کے بعد نئی حکومت آئی ایم ایف سے جاری معاہدہ ختم ہونے کے بعد نیا معاہدہ کر سکتی ہے۔ آئندہ مالی سال میں پاکستان نے 25 بلین ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔ یہ پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ اگلے مالی سال کے دوران ادائیگیوں کا اثر زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑے گا۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔ سروے کے مطابق پاکستان کی معیشت نئے بیل آؤٹ پیکج کے بغیر گر جائے گی۔