سیاست کو عبادت سمجھ کر میدان میں اترے، جینا مرنا عوام کے ساتھ: عبدالعلیم 

Feb 06, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی بحالی اور ملازمین و پینشنرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہوگی تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ عبدالعلیم خان نے گریفن گراؤنڈ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر میدان میں اترے ہیں۔ ہمارا جینا مرنا غریب عوام کے ساتھ ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی پی 149میں اْن کا نیٹ ورک ڈور ٹو ڈور ڈیٹا اکٹھا کر کے فلاحی خدمات سر انجام دیتا ہے اور اب اس حلقے میں انشاء اللہ کوئی سرکاری سکول یا مسجد واٹر فلٹریشن پلانٹ اور نئے باتھ رومز کے بغیر نہیں ہو گی۔ گریفن گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے میں پی پی149 کی مختلف یونین کونسلوں سے شہریوں نے ٹولیوں میں شرکت کی جبکہ سابق ایم پی اے شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے کے ہر گھر سے عبدالعلیم خان کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔ عبدالعلیم خان نے رات گئے این اے117 کی پی پی145میں امیدوار صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان کی طرف سے منعقدہ بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس امر کا اعادہ کیا کہ شاہدرہ کو آئندہ5برسوں میں اْن محرومیوں سے نجات دلائیں گے۔ دریں اثناء عبدالعلیم خان نے 5فروری کے حوالے سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اس وادی میں انسانی حقوق کی پامالی اور نسل کشی افسوسناک ہے۔ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیر میں ہونے والے مظالم رکوائیں۔

مزیدخبریں