مجھے نکالنے والا تاحیات نااہل ہو چکا، سزا قدرت کا جواب: نوازشریف

مری (بیورو رپورٹ /نامہ نگار خصوصی )  نوازشریف  نے کہا ہے  کہ مجھے کہتے تھے ساری زندگی کیلئے نااہل کردیا، آپ کے سامنے کھڑا ہوں، مجھے ساری زندگی کیلئے نکالنے والے آج خود استعفے دے کر گھر جا رہے ہیں۔ مری میں جلسے سے خطاب  میں  نوازشریف نے کہا مری کے راستے میں بڑی ٹریفک تھی۔ سب سے پہلے ملک کی خوبصورت ترین میٹل روڈ بنی تو وہ راولپنڈی سے مری کی بنی۔ مری میرا دوسرا گھر ہے،  دل سے کہہ رہا ہوں آپ سے مجھے بہت پیار ہے۔ 1950ء میں پیدا ہوا، 1956ء  میں پہلی مرتبہ میں مری آیا۔ بہت سالوں کے بعد مری کے عوام سے مخاطب ہوں، مجھے مری کے عوام سے دور کردیا گیا۔ افسوس ہے، میرے جانے کے بعد اس ملک کو کیا ہوگیا۔ میں عوام کی خدمت کر رہا تھا پھر مجھے کیوں نکالا؟۔ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی۔ میرے دور میں ٹریکٹر 8لاکھ کا تھا آج 38 لاکھ کا ہے۔ نوازشریف کا زمانہ اچھا تھا یا اب والا اچھا ہے۔ مجھے نکال دیا گیا اور میری جگہ اس کو لائے جس نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، کیا نوکری ملی، ہاتھ کھڑا کرو، وہ کٹے بچھے کہاں گئے؟۔ وہ مرغیاں، وہ انڈے کہاں چلے گئے۔ بلین ٹری کا کتنا بڑا جھوٹ بولا۔ کہا کہ لوگوں کو 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو گھر ملا؟۔  دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔ یہ کہتے تھے کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ان کے ساتھ کون سی یوتھ ہے، اصل یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔ مری میں ہسپتال بھی بننا چاہیے، دانش سکول، یونیورسٹی کیمپس بھی ہونا چاہیے۔ ہم یہاں پر ایک موٹروے بھی بنائیں گے، مری کے چاروں طرف موٹروے آئے گی۔ کندھے سے کندھا ملا کر (ن) لیگ دوبارہ اس ملک کی تعمیر کرے گی۔  آج یوم کشمیر ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔  مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کی پرچی صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے۔ نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا اور نااہلی کو قدرت کا جواب قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو نکالنے والا تاحیات نااہل ہو چکا ہے اور نواز شریف عوام کے سامنے کھڑا ہے۔ جس نے مجھے نکالا تھا آج وہ خود استعفیٰ دیکر گھر چلا گیا۔ وہ شخص آٹھ ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا تھا آج گھر جا رہا ہے۔ مجھے تاحیات نااہل کیا گیا تھا لیکن میں آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ مریم نواز شریف نے  کہا کہ میں نے کبھی مری کے کسی جلسے میں اتنی خواتین نہیں دیکھیں۔ مری والو! پہلی بار برفباری میں اتنا بڑا جلسہ ہوتے دیکھا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ مری پاکستان کا دل ہے اور نوازشریف کا بھی، اب مریم نواز کا بھی دل ہے۔ میں آپ کی شکرگزار ہی نہیں مقروض بھی ہوگئی ہوں۔ مری کی ترقی پر نوازشریف کا نام لکھا ہے۔ گزشتہ 5سالوں میں مری میں مختلف مافیاز کو لایا گیا، مری کے لوگوں نے مافیاز کو یہاں سے بھگانا ہے۔ مری والوں کی ساری مشکلات کو آسان کریں گے۔ آپ نے نوازشریف کو موقع دیا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے۔ نوازشریف آتا ہے تو مزدور کا چولہا جلتا ہے۔ 10سال کے بچے سے سوال پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ نوازشریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے۔ الیکشن دور نہیں  2روز باقی ہیں، شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نواز دو۔ وعدہ ہے کہ مری نے شیر کو منتخب کیا تو سب سے زیادہ یہاں ترقی ہوگی۔ حکمران اللہ تعالیٰ اور عوام کو جواب دہ ہیں۔ اس الیکشن میں مری والے اس حکمران سے جواب مانگیں کہ جب لوگ یہاں مر رہے تھے تو وہ کہاں تھا؟۔ نواز شریف کو کبھی گھر بیٹھے دیکھا؟۔ نواز شریف عوام کی تکلیف کی خاطر اپنے فیصلے بدل لیتے ہیں۔ اس الیکشن میں مری والے اس حکمران سے جواب مانگیں کہ جب لوگ یہاں مر رہے تھے کہ وہ کہاں تھا؟۔ جب نواز شریف آتے ہیں تو مزدوروں کے گھر کا چولہا جلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ الیکشن میں چند دن رہ گئے ہیں۔ بزرگ، نوجوانوں سے اپیل ہے کہ ووٹ کی پرچی کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں، اسے سوچ سمجھ کر دیں۔ یہ ملک کی ترقی اور آپ کی آئندہ آنے والی نسلوں کا فیصلہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن