اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیر کو مظفرآباد کا دورہ کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے ساریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر تعینات فوجیوں سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مظفرآباد پہنچنے پر نگران وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور آرمی چیف نے جموں و کشمیر یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ قیادت نے اعتراف کیا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض افواج کے بے دریغ ظلم و بربریت کے سامنے کشمیریوں کا استقامت، لچک اور غیر متزلزل ایمان مثالی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے انسانی اور سلامتی کے بحران سے علاقائی امن اور استحکام کو شدید خطرہ ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ قیادت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت غیر قانونی انتظامی اور یکطرفہ طور پر مسلط کردہ سخت قوانین اور حفاظتی پابندیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس طرح کی سازشیں اپنے جائز مقاصد کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی خواہش اور تڑپ کو دبا نہیں سکتیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایل او سی کے ساتھ تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے آپریشنل تیاریوں، اعلیٰ حوصلے اور ہندوستانی سی ایف وی کے خلاف فوجیوں کے موثر ردعمل کی تعریف کی۔ اس موقع پر فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی خودمختاری کی کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج خطرے کے مکمل سپیکٹرم سے بخوبی واقف ہے اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ آرمی چیف نے پاکستان میں ہندوستانی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب بھارتی حکومت پاک سرزمین پر پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ جیسے گھناؤنے عمل میں بھی ملوث ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ایک معمول کی بات بنتی جا رہی ہے اور اب ہندوستان کی اس امن دشمن پالیسیوں اور اقدامات پر دنیا کے بہت سے ممالک کھلے عام آواز اٹھا رہے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں مظفر آباد آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔