کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شیخ عبدالمتین

Feb 06, 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی وومن یونیورسٹی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک خصوصی لیکچر اور کشمیر یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس مسرت عالم بٹ کے پاکستان میں نمائندہ خصوصی شیخ عبدالمتین نے یہ خصوصی لیکچر دیا۔شیخ عبدالمتین نے بتایا کہ اس وقت کشمیر میں ڈیڑھ لاکھ بچے یتیم، 23ہزار بیوہ خواتین اور ہزاروں کی تعداد میں بے نام قبروں میں مظلوم کشمیری دفن ہیں۔ وادی میں ہر دس نہتے کشمیری شہری پہ قابض فوج کا اہلکار بندوق تانے کھڑا ہے ۔ دس لاکھ سے زائد بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی قابض فوج پچہتر سال گزرنے کے باوجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔اس موقع پہ وائس چانسلر راولپنڈی وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پوری قوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں