الیکشن مہم کا آج آخری روز، بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیل مکمل

8 فروری کو ہونے والے الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام بھی مکمل کر لیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ کے لیے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے ، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے  امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024 ءکے انتخابات کے لیے چھپوائے گئے لگ بھگ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے ایک محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اس اہم ذمہ داری کی تکمیل کی۔بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا۔تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کیے گئے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔

ای پیپر دی نیشن