8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم کا آج آخری روز،بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتخابات کیلئے چھپوائے گئے26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ووٹ کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے ، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔ ملک بھر میں انتخابات کیلئے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کیاگیاہے جبکہ ووٹنگ کیلئے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے ایک محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اس اہم ذمہ داری کی تکمیل کی۔بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا۔ تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کئے گئے۔ اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔ملک بھرمیں 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو رکھے جائیں گے، بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، صوبائی سطح پر سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، مواصلاتی اور ایمرجنسی پلان بھی تیار ہے۔
عام انتخابات کی انتخابی مہم کا آج آخری روز،بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل
Feb 06, 2024 | 14:07