ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے 'اگر ایران کو امریکہ کو براہ راست جواب دینا پڑا تو ایران پوری سرعت اور قوت کے ساتھ جواب دے گا۔'پیر کے روز ترجمان نے کہا 'ایران نے پہلے بھی جب کبھی خطرہ ہوا ہے تو فیصلہ کن انداز میں جواب دیا ہے۔'ایرانی ترجمان کا یہ بیان امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کی طرف سے اتوار کے روز سامنے آنے والے موقف کے بعد سامنے آیا ہے۔ سلیوان نے امریکی چینل 'این بی سی' کو بتایا تھا 'یہ بات میرے لیے کہنا دانشمندی کی بات نہ ہو گی کہ ایران کے حوالے سے کیا کیا امکان ہو سکتا ہے اور کیا کیا امکان نہیں ہو سکتا ہے۔'واضح رہے 'این بی سی' کی طرف سے ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا امریکہ ایران پر براہ راست حملے کے امکان کو مسترد تو نہیں کرتے ہیں؟ایرانی ترجمان ناصر کنعانی نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا 'ایسی کوئی صورت حال پیدا ہوئی تو اپنی جوابی صلاحیتوں کواس کے باوجود بروئے کار لائے گا کہ ایران خطے میں کشیدگی اور بحران کو بڑھاوا نہیں دینا چاہتے۔'امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اتوار کے روز یمن میں فضائی حملے کیے ہیں۔ اس سے ایک روز قبل امریکہ اور برطانیہ نے تیسری بار مشترکہ طور پر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر کارروائی کر لی تھی۔واضح رہے خطے میں جواب الجواب کے انداز میں جاری حملوں کے درمیان امریکی وزیر خارجہ بلنکن خطے کا پانچواں دورہ شروع کر چکے ہیں۔