8 فرو ری کو ہونے والے الیکشن کی فول پروف سیکورٹی کیلئے پاک فوج کے دستے لاہور سمیت دیگر شہروں میں پہنچ گئے،محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیاگیاہے۔صوبائی محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ منڈی بہاالدین اور چکوال میں کل تک فوج کی نفری پہنچ جائے گی۔ اسی طرح جہلم، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں کل فوج کی نفری پہنچ جائے گی۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے حکام اس سلسلے میں پاک فوج سے رابطے میں ہیں، امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، الیکشن کے انتظامات کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد عام انتخابات کے دوران سول حکومت کی معاونت کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے ۔ فوجی اہلکار پولنگ سٹیشنز کے باہر سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے تھرڈ ٹیئر پر سیکورٹی کیلئے تعینات ہونگے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جائے۔واضح رہے کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں سیکورٹی کیلئے ریٹا ئر ڈ آرمی، پولیس ملازمین کی خدمات بھی لی جائیں گی ۔ 53 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین بھی سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن میں پولیس،فوج اور دیگرمحکموں کے ریٹائرڈ ملازمین شامل ہیں جبکہ تمام پولنگ سٹیشنز کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معانت سے ملک بھر میں ان عمارتوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی ہے جو 8 فروری کو پولنگ سٹیشنز کے طور پر کام کریں گی انٹرنیٹ کی رسائی نہ رکھنے والے علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشنز کو سیٹلائیٹ ٹرمنلز سے منسلک کردیا گیا۔
الیکشن کی فول پروف سیکورٹی، پاک فوج کے دستے لاہور سمیت دیگر شہروں میں پہنچ گئے
Feb 06, 2024 | 15:17